میں نے پاکستان بنتے دیکھا

2017 ,اگست 30



لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک/ حاجی شیخ عبدالمجید آف کامونکی):بندہ کا طالب علمی کا زمانہ تھا اور تحریک پاکستان زوروں پر تھی پورے علاقے میں بندہ کے والدگرامی حاجی شیخ محمد مرحوم مغفور واحد مسلم لیگی ووٹر سپورٹر تھے جو گھر گھر جا کر لوگوں کو بیدا کرتے ان کو بتاتے کہ ہم نے ایک علیحدہ مملکت پاکستان بنانی ہے اور اس کیلئے آپ سب اپنی بساط کے مطابق قائداعظم کے سایہ حصول پاکستان کےلئے بھرپور کوشش کریں اور ایک آزاد اسلامی مملکت کا حصول ممکن بنائیں بندہ بھی والد مرحوم و مغفور کے شانہ بشانہ جاتا تھا اور اتنا جو ولولہ تھا کہ کئی وقت کا کھانا بھی بھول جاتے تھے۔ بندہ اپنے ہم عمر ساتھیوں کو لے کر ایک نئی امنگ نئے جوش و نئے ولولے کے ساتھ محلے محلے جلوس نکالتا جلسے کراتا نعرے لگاتا کہ .... لے کے رہیں گے پاکستان بٹ کے رہے گا ہندوستان

اتنا جوش و جذبہ شائد دنیا کی کسی بھی تحریک آزادی کے دوران لوگوں میں ہوا ہو گا جتنا قائداعظم کی ولولہ انگیز سحر انگیز اور پُراثر شخصیت کے زیر تحت ہندوستان کے مسلمانوں میں تھا۔ ہر زبان پر ایک ہی نعرہ تھا ”پاکستان ہمارا ہے“ یہی جذبہ تھا اور یہی بیداری تھی کہ ہندوستان کے مسلمانوں نے ایک علیحدہ اسلامی ریاست مملکت خداداد پاکستان حاصل کر لیا اور ہندوستان سے مسلمانوں کو اپنے ملک پاکستان آنا پڑا ایک نیا خواب سجائے نئی امنگوں کے ساتھ سامنے ٹھاٹھیں مارتا دریائے راوی تھا اور پیچھے گولیوں کی بوچھاڑ تھی لیکن اتنا جذبہ تھا کہ بلاخوف و خطر دریا میں کود پڑے کہ آگے منزل نظر آ رہی تھی اپنے خوابوں کی تعبیر نظر آ رہی تھی اس لئے کوئی پرواہ نہ کی نہ گولیوں کی نہ ٹھاٹھیں مارتے ہوئے دریا کی لیکن افوس صد افسوس جو آپ اس وقت پاکستان کی حالت دیکھ رہے ہیں کیا یہی ہماری قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ کیا اسی لئے ہم نے اتنی جدوجہد کی تھی کئی سہاگنیں بیوہ ہوئیں کئی ماﺅں کے لاڈلے بیٹے شہید ہو گئے بہنیں اپنے بھائیوں کے سروں پر سہرے سجانے کی آرزو لے کر اس دنیا سے چلی گئی لیکن انکے بھائی گھر نہ آئے تحریک پاکستان میں کام آ گئے۔ قائداعظم نے جو خواب دیکھا تھا پاکستان ایسا نہیں ہے۔ اس وقت اسی جوش و جذبے کی ضرورت ہے جو پاکستان بنانے وقت تھا آئیں خدا راہ سب عہد کریں کہ آپس کی رنجشیں بھلا کر اقربا پروری چھوڑ کر میرٹ پر فیصلے کر کے صحیح معنوں میں ایک آزاد اسلامی ریاست بنائیں۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کا حامی و ناصر ہو۔ (آمین)

متعلقہ خبریں