پاک ترک تعلقات میں نئی راہیں اور راستے کھل گئے
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع دسمبر 14, 2016 | 10:43 صبح

لاہور(ویب رپورٹ)شہباز شریف سے گزشتہ روز ماڈل ٹاؤن میں ترکی کے مذہبی امور کے سربراہ ڈاکٹر مہمت گورمز کی قیادت میں اعلی سطح کے وفدنے ملاقات کی جس میں پاک ترک تعلقات ، مذہبی ہم آہنگی ، بھائی چارے ، رواداری ، یگانگت اوربرداشت کے جذبات کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال ہوا۔ ملاقات کے دوران پاکستان اور ترکی کے درمیان بڑھتے ہوئے تجارتی و معاشی تعلقات کی طرح بین الامذاہب ہم آہنگی ، یگانگت، اخوت اور رواداری کو فروغ دینے کیلئے ایک دوسرے سے بھرپور تعاون پر اتفاق کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ اور شرکاء نے استنبول دھماکو
ں میں جاں بحق ہونے والے افراد کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کہا استنبول میں سفاک درندوں نے معصوم لوگوں کونشانہ بنا کر بربریت کا بدترین مظاہرہ کیا اور ہم دہشت گردی کے اس سفاکانہ واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہیں -انہوں نے کہا ترکی اور پاکستان کو دہشت گردی کے ناسور کا سامنا ہے بلا شبہ دہشت گردی ایک بین الاقوامی چیلنج ہے جسے مشترکہ کوششوں سے نمٹنا ہو گا اور اس ناسور کے خاتمے کیلئے مل کر مربوط انداز میں اقدامات کرنا ہوںگے۔ شہباز شریف نے حضرت محمد ؐ کی ولادت باسعادت کے بابرکت موقع پر ترک وفد اور امت مسلمہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا خاتم الانبیامحمد ؐ کی ولادت کا دن پوری انسانیت کیلئے خوشیوں اور مسرت کا دن ہے۔ ترکی کے مذہبی امور کے سربراہ ڈاکٹر مہمت گورمزنے عید بھی میلاد النبیؐ کے پرمسرت موقع پر شہباز شریف اور پاکستانی بھائیوں کو مبارکباد دی اور کہا تعطیل کے باوجود آپ نے ملاقات کیلئے وقت نکالا جس پرہم آپ کے شکر گزار ہیں۔ انہوںنے کہا پاکستان اور ترکی کو تجارتی اور معاشی تعاون کے ساتھ مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے بھی مل کر کام کرنا ہے اور اس ضمن میں ہم اپنے پاکستانی بھائیوں کے ساتھ ہر طرح کے تعاون کیلئے تیار ہیں۔