لاہور (شفق ڈیسک) کہیں پر بھی کوئی ترقیاتی منصوبہ ہو، روڈ کی تعمیر ہو، بلڈنگ بنانی ہو یا کوئی بھی منصوبہ ہو اس منصوبے کی آڑ میں سب سے پہلے اس جگہ سے درختوں کا صفایا کیا جاتا ہے۔ جبکہ درخت کو انسان کا دوست بھی کہا جاتا ہے۔ یہ ماحول کو سازگار بنانے میں نہایت اہم ثابت ہوتے ہیں پانی کے بہاﺅ کو کم کرتے، گرمی میں سایہ فراہم کرتے، تیز ہواﺅں کا زور توڑتے، بارش میں چھاتے کا کام کرتے ہیں قدرت نے ہمیں جو کچھ بھی دیا ہے ہر اس چیز کے ان کے فوائد انگنت ہوتے ہیں اور قدرت کے اس انمول تحفے میں درخت بھی شامل ہے جس
کی جڑ سے لے کر راکھ تک کو کسی نہ کسی فائدے کیلئے استعمال کیا جاتا ہے۔ پنجاب ہارٹی کلچر اتھارٹی نے درختوں کو محفوظ کرنے کے لئے ایک ایسی مشین امپورٹ کی ہے جو کافی بڑی ہے اور ایک درخت کو زندہ اٹھانے کی صلاحیت رکھتی ہے اس کے بڑے بڑے بلیڈ درخت کے اوپر سے گزرتے ہوئے ارد گرد زمین میں دھنس جاتے ہیں اور اس درخت کی جڑوں کو بحفاظت زمین کے اس ٹکڑے سمیت زمین سے علیحدہ کر کے درخت کو اٹھا لیتے ہیں اور مناسب جگہ لے جا کر واپس زمین میں گاڑھ دیتے ہیں اس طرح درخت محفوظ رہتا ہے اور تعمیراتی کام میں کوئی رکاوٹ بھی نہیں آتی۔