عمران خان نے اپنی غلطی ورکروں کے سر ڈال دی

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع دسمبر 24, 2016 | 17:56 شام

اسلام آباد (شفق ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پنجاب کے بلدیاتی انتخابات کے آخری مرحلے میں پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کرنے والے درجنوں کارکنوں کی بنیادی رکنیت معطل کردی۔ پنجاب کے چار اضلاع میانوالی، اٹک، نارووال اور فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے پارٹی ورکرز کی بنیادی رکنیت معطل کی گئی اور انہیں اظہار وجوہ کے نوٹسز جاری کئے گئے۔ عمران خان نے ان ورکرز پر الزام لگایا ہے کہ انہوں نے پنجاب کے بلدیاتی انتخابات کے آخری مرحلے میں پارٹی پالیسی سے روگردانی کی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ نواز شریف نے سیاست میں ضمیر خریدنے جیسی بد ترین رسم متعارف کروائی، چھانگا مانگا سیاست کے موجد وزیر اعظم سیاسی اور معاشرتی اخلاقیات کا جنازہ نکال دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ نواز شریف ہمیشہ دھاندلی اور وفاداریاں خرید کر ہی اقتدار تک رسائی حاصل کرتے ہیں ملک سے نظریاتی سیاست کے خاتمے میں نواز شریف کا کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ عمران خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ نواز شریف اور ان کے بدترین طرز سیاست اور حکومت کا ہر محاذ پر مقابلہ کریں گے، آئندہ انتخابات میں نواز شریف کو خریدنے کیلئے کوئی ضمیر میسر نہیں آئے گا۔ اطلاعات کیمطابق میانوالی سے ملک مطیع اللہ، فیصل آباد سے ممتاز چیمہ، حسن مسعود ملک اور ذیشان لیاقت کی تحریک انصاف کی رکنیت معطل کی گئی۔ اٹک سے احسن کمبڑیال، سہیل کمبڑیال اور عاطف کی بنیادی رکنیت معطل کرتے ہوئے انہیں اظہار وجوہ کے نوٹس جاری کئے گئے۔ فیصل آباد سے باؤ یعقوب، میاں محمد اقبال، میاں شفقت محمود، آفتاب بھٹی، ایاز گجر اور مس نصرت شفیق کی بنیادی پارٹی رکنیت معطل کی گئی۔ میانوالی سے ببلی خان، ڈاکٹر صلاح الدین، سید محمود شاہ، فاروق درال اور ملک ممتاز کی بھی بنیادی رکنیت معطل کردی گئی۔ میانوالی سے ہی فیاض شاہ، خورشید خٹک، غلام محمد خٹک، ظفر خان، نادر شہروز اور ماجد کی بھی بنیادی رکنیت معطل کردی گئی۔ ناروال سے طارق انیس، وکیل منج اور ارشد منج کی بنیادی رکنیت معطل کرتے ہوئے انہیں شوکاز نوٹسز جاری کردیے گئے۔ واضح رہے کہ 22 دسمبر کو ہونیوالے بلدیاتی انتخابات کے آخری مرحلے میں گجرانوالہ سمیت پنجاب کے تمام بڑے شہروں میں پاکستان مسلم لیگ (ن) نے میدان مار لیا۔ جہانگیر ترین نے کہا تحریک انصاف کے نظم و ضبط پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔