جنوری میں تحریک انصاف نے پھر میدان سجانے کا فیصلہ کر لیا
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع دسمبر 30, 2016 | 14:38 شام
اسلام آباد (شفق ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف پانامہ ایشو کو لیکر ایک بار پھر میدان میں اتر رہی ہے۔ جلد ہی ہنگو، راجن پور، بہاولپور اور ڈی جی خان میں عوامی میدان سجائے جائینگے۔ تحریک انصاف نے جلسوں کے شیڈیول کو حتمی شکل دے دی۔ تفصیلات کیمطابق 7 جنوری کو بیک وقت ہنگو اور راجن پور میں عوامی میدان سجائے جائینگے۔ کپتان 7 جنوری کو ہنگو میں عظیم الشان جلسہ عام سے مخاطب ہوں گے جبکہ شاہ محمود قریشی 7 جنوری کو راجن پور میں خطاب کرینگے۔ اگلے ہی دن یعنی 8 جنوری کو پوری قیادت بہالپور میں ایک عظیم الشان جلسہ عام سے خطاب کریگی۔ اسکے بعد 15 جنوری کو ڈی جی خان میں فقید المثال عوامی میدان سجایا جائیگا۔ تحریک انصاف کی قیادت نے ریجنل صدور اور مقامی قائدین کو زبردست تیاریوں کی ہدایات جاری کردیں۔ اسی حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پانامہ لیکس پر عوام کیساتھ ملکر حکمران ٹولے کا احتساب کرینگے۔ یہ وقت گھروں میں محدود ہونے کا نہیں بلکہ باہر نکل کر اپنا حق مانگنے اور عوام کے حقوق باآسانی غصب کرنے کی بدترین رسم کو جڑ سے اکھاڑ دینے کا وقت ہے۔ شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ اب ہمیں سیاسی آمریت کے خاتمہ کر کے آئین و جمہور کی بالادستی قائم کرنی ہے۔ تحریک انصاف عوام کیساتھ ملکر پاکستان کے مستقبل کا خاکہ طے کریگی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ پانامہ کی تحقیقات اور حکمرانوں کے احتساب کا ایجنڈا قریہ قریہ پھیلائیں گے۔