پاکستان کی آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع دسمبر 19, 2016 | 18:11 شام
برسین (مانیٹرنگ ڈیسک):اسٹارک کی ایک گیند پر اسد شفیق کے کیچ آوٹ ہونے سے میچ پر ایک بار پھر آسٹریلیا کی گرفت مضبوط ہو گئی۔ انھوں نے 137 رنز بنائے اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔آسٹریلیا نے پاکستان کو برسبین میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں 39 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں ایک، صفر سے برتری حاصل کر لی ہے۔490 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی کارکردگی ابتدائی طور پر مایوس کن رہی اور صرف 173 رنز پر اس کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔میچ اس وقت پوری طرح پاکستان کے ہاتھ سے نکلتا نظر آیا جب سرفراز احمد 24 رنز بنا کر بولڈ ہوئے۔ لیکن حیران کن طور پر اسد شفیق کا ساتھ دینے کے لیے آنے والے محمد عامر نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کی پوزیشن قدرے بہتر کرنے میں کردار ادا کیا۔انھوں نے 48 رنز بنائے جس میں پانچ چوکے بھی شامل تھے۔ ان کے آوٹ ہونے کے بعد وہاب ریاض میدان میں آئے جب کہ دوسرے اینڈ پر اسد شفیق ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو سنبھالے ہوئے تھے۔وہاب ریاض نے قدرے جارحانہ انداز اپنایا اور دو چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 30 رنز اسکور بنا کر ٹیم کو ہدف کے قریب پہنچایا لیکن وہ برڈ کی گیند پر اسمتھ کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے۔پیر کو میچ کے آخری روز میچ دلچسپ مرحلے میں داخل ہو چکا تھا جب پاکستان کو جیتنے کے لیے صرف 107 رنز درکار تھے اور اس کے دو کھلاڑی ابھی باقی تھے۔اپنی سینچری مکمل کر لینے والے اسد شفیق کا ساتھ دینے والے یاسر شاہ بھی آسٹریلوی باولروں کے خلاف خوب مزاحمت کی اور ٹیم کو جیت کے قریب لے گئے۔لیکن اسٹارک کی ایک گیند پر اسد شفیق کے کیچ آوٹ ہونے سے میچ پر ایک بار پھر آسٹریلیا کی گرفت مضبوط ہو گئی۔ انھوں نے 137 رنز بنائے۔آخری آوٹ ہونے والے کھلاڑی یاسر شاہ تھے جو غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے رن آوٹ ہوئے اور پاکستان کی پوری ٹیم 450 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ انھوں نے 33 رنز بنائے۔اسد شفیق کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔آسٹریلیا نے اس میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 429 رنز بنائے تھے جب کہ دوسری اننگز اس نے 202 رنز پانچ کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کر دی تھی۔پاکستان اپنی پہلی اننگز میں 142 رنز ہی بنا سکا۔سیریز کا دوسرا میچ 26 دسمبر سے میلبورن میں کھیلا جائے گا۔