نئے اینڈرائیڈ فیچرز آئی فون میں بھی موجود نہیں
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع اکتوبر 20, 2016 | 16:07 شام

لاہور (شفق ڈیسک) عوام کا پسندیدہ آئی فون او ایل ای ڈسپلے، ایس ڈی کارڈ، بیٹری تبدیل کرنا، وائرلیس چارجنگ جیسی سہولیات کا حامل نہیں ہے کیا آپ اپنے کسی دوست کے پاس آئی فون دیکھ کر شرمندگی محسوس کرتے ہیں؟ یہ بلاوجہ کا احساس کمتری تو ویسے ہی بری بات ہے، لیکن چلیں آپکو حقیقت سے آگاہ کرنے کیلئے بتاتے چلیں کہ آپکے اینڈرائیڈ فون میں کچھ خصوصیات ایسی ہیں جو آئی فون میں بھی نہیں اور یقین جانیں یہ جھوٹ نہیں۔ سب سے پہلی خصوصیت ہے کہ اینڈرائیڈ میں آپ کئی ڈیوائسز میں سے اپنی پسندیدہ کا انتخاب کر سکتے ہیں او
ر وہ بھی اپنی مرضی کی قیمت پر۔ آئی فون میں ایسی عیاشی میسر نہیں۔ وہ سال میں ایک، دو ماڈلز ہی پیش کرتا ہے اور وہ بھی ایک طے شدہ قیمت پر، نہ اس میں خصوصیات کی تبدیلی کی گنجائش ہوتی ہے اور نہ ہی قیمت میں۔ دوسری خاص بات یہ کہ اینڈرائیڈ میں جدید ہارڈویئر خصوصیات پہلے آجاتی ہیں۔ آئی فون نے ابھی 7 کے ذریعے پانی سے حفاظت کی خاصیت پیش کی ہے۔ اس میں او ایل ای ڈی ڈسپلے ابھی تک نہیں ہے۔ اس میں سٹوریج میں بھی نئے ماڈلز میں ہی اضافہ ہوا اور وہ ایس ڈی کارڈ کی سہولت بھی نہیں دیتا، لیکن اینڈرائیڈ میں یہ چیز سالوں سے موجود ہے۔ وائرلیس چارجنگ ہو یا تیز چارجنگ، بیٹریاں نکال کر نئی لگانے کی سہولت ہو یا دو سمیں لگانے کی، یہ سب صرف اینڈرائیڈ پر ہی ہے۔ یہی نہیں بلکہ آئی فون کے مقابلے میں اینڈرائیڈ کی یہ خاصیت بھی ہے کہ اس میں آپ سافٹ ویئر میں رد و بدل کر سکتے ہیں۔ آئی فون میں جو شکل و صورت ہے، وہی برقرار رہے گی جبک ایپل اپڈیٹ کے ذریعے اسے تبدیل نہ کرے جبکہ اینڈرائیڈ میں آپ لانچر ایپس کا استعمال کرکے اپنی مرضی کی صورت بھی لے سکتے ہیں، پھر یہ بات جان رکھیں کہ ایپل ایک ہارڈوئیر کمپنی ہے جبکہ گوگل ایک سافٹ ویئر کمپنی کے طور پر مشہور ہے۔ اسکا فرق آپ خود ہی محسوس کرسکتے ہیں۔ جی میل ایپل کے میل سے کہیں زیادہ طاقتور سافٹ ویئر ہے۔ ایپل میپس کے مقابلے میں گوگل میپس دیکھ لیں، یہاں تک کہ گوگل کا کیبورڈ بھی جاندار ہے۔ یہ سب اچھے سافٹ ویئرز اینڈرائیڈ میں پہلے سے موجود ہوتے ہیں جبکہ آئی فون میں کرنا پڑتے ہیں، پھر اینڈرائیڈ میں ہیڈفون جیک ہوتی ہے۔ آئی فون 7 کے ذریعے جس طرح ہیڈفون جیک کو نکالا ہے، اس سے کئی لوگوں کے دل ٹوٹ گئے ہیں۔ اپنے وائرلیس ایئرفون ایئرپوڈز بیچنے کیلئے یہ حرکت صرف ایپل ہی کر سکتا ہے۔ اس لئے یہ کہنے میں مت شرمائیں کہ اچھے اینڈرائیڈ فون کئی لحاظ سے آئی فون کو ٹکر دے سکتے ہیں بلکہ ہرا بھی سکتے ہیں۔