ڈاکٹر عشرت العباد کتاب لکھیں گے

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع نومبر 10, 2016 | 15:43 شام

کراچی (شفق ڈیسک) برطرف گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے کتاب لکھنے کا اعلان کر دیا، کراچی میں صحافیوں سے گفتگو میں عشرت العباد نے بتایا کہ انکی کتاب کا نام اور وہ جو میں کہہ نہ سکا ہو گا۔ سبکدوش ہونیوالے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے گورنر ہاؤس کے افسران اور سٹاف سے الوداعی ملاقات کی، ڈاکٹر عشرت العباد افسران اور ملازمین سے فرداً فرداً ملے اور اس دوران جذباتی مناظر بھی دیکھنے میں آئے، اس موقع پر انکا صحافیوں سے یہ بھی کہنا تھا کہ کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن چلتا رہیگا۔ ڈاکٹر عشرت العباد سے

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی الوداعی ملاقات کی، عشرت العباد کا انکا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آپکی قیادت میں صوبہ ترقی و خوشحالی کی منازل طے کریگا اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل سے صوبہ مزید ترقی کریگا۔ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ عشرت العباد خان سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا اور ان سے تھوڑ ے وقت میں بھرپور رہنمائی ملی۔ گورنر سندھ کا صحافیوں سے گفتگو کے دوران کہنا تھا کہ 14 سال کا عرصہ کام کر کے گزرا اور مطمئن ہوں، عہدہ گورنری کے دوران اہل خانہ کو زیادہ وقت نہیں دے پایا، انجیوگرافی ہو چکی ہے اور بلڈ پریشر کی وجہ سے اب انجیوپلاسٹی ہونی ہے۔ سبکدوش ہونے والے گورنر سے چیف سیکریٹری، آئی جی سندھ، ایڈیشنل آئی جی، سی پی ایل سی چیف اور کمانڈنٹ پاکستان میرین اکیڈمی نے ملاقات کی۔ عشرت العباد خان نے افسران کا مکمل تعاون پر شکریہ ادا کیا، نئے گورنر کی تقریب حلف برداری کل صبح گورنر ہاؤس میں ہو گی۔