’’اچھا تو یہ بات تھی۔۔۔۔‘‘پی سی بی نے مکی آرتھر کے معاہدے میں توسیع کیوں نہ کی ؟ کرکٹ کی دنیا سے تہلکہ خبر

2019 ,ستمبر 1



لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) گورننگ بورڈ میٹنگ میں چیف ایگزیکٹیو وسیم خان نے ارکان کو بتایا کہ قومی ٹیم کے کوچ جانتے تھے بعض ورلڈکپ سکواڈ ارکان فٹ نہیں ہیں ، اسکے باوجود انھیں انگلینڈ لے کر گئے جو معاہدے میں توسیع نہ کرنے کی ایک وجہ یہ بھی تھی۔ لاہور میں پی سی بی گورننگ بورڈ میٹنگ کے دوران کھلاڑیوں کی فٹنس کا معاملہ بھی زیرغور آیا، ذرائع کے مطابق چیف ایگزیکٹیو وسیم خان نے کہا کہ کپتان سرفراز احمد سمیت بعض کرکٹرز کی فٹنس کا معیار اچھا نہ تھا اسی لیے ورلڈکپ میں ٹیم کی کارکردگی متاثر ہوئی۔انھوں نے مکی آرتھرکے معاہدے میں توسیع نہ کرنےکی ایک وجہ ان فٹ کرکٹرز کے انتخاب کو قرار دیا، ان کے مطابق کوچ جانتے تھے کہ بعض کھلاڑیوں کی فٹنس عالمی معیار کی نہیں اس کے باوجود انھوں نے کوئی اعتراض نہ کیا اور انھیں انگلینڈ لے گئے، ہم نے انھیں عہدے پر برقرار نہ رکھنے کا فیصلہ کرنے میں اس پہلو کو بھی ذہن میں رکھا۔دوسری جانب خیال ظاہر کیا جا رہا تھا کہ گورننگ بورڈ میٹنگ میں نئے ڈومیسٹک سسٹم پر گرماگرم بحث ہو گی مگر حیران کن طور پر کسی نے کوئی سوال نہ اٹھایا،اسی لیے ڈھائی سے تین گھنٹے میں تمام تر کارروائی مکمل ہو گئی، اس موقع پر ایسا محسوس ہوا کہ ریجنز ہمت ہار گئے ہیں کہ وہ کچھ بھی کر لیں پی سی بی فیصلہ تبدیل نہیں کرے گا، اسی لیے بحث مباحثے سے گریز کیا گیا۔ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ ہارون رشید کی ڈومیسٹک کرکٹ پر پریزنٹیشن 10سے 12 منٹ پر محیط تھی، ان سے کسی نے کوئی سوال تک نہ کیا۔ جبکہ دوسری جانب ایک خبر کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپنر فخر زمان گھٹنے میں چو ٹ لگنے کے باعث پری سیزن کیمپ سے باہر ہو گئے ہیں جبکہ اس سے قبل فاسٹ باولر شاہین شاہ آفریدی ڈینگی بخار کا شکار ہو کر اس سے باہر ہو گئے تھے ۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیاہے کہ فخرزمان کو دائیں گھٹنے کی انجری سے صحت یابی کے لیے ایک ہفتے کے آرام کی تجویز دی گئی ہے جس کی وجہ سے وہ پری سیزن کیمپ سے باہر ہوگئے ہیں۔پی سی بی کی میڈیکل ایڈوائزری کمیٹی نے فخر زمان کے ایم آر آئی کا جائزہ لینے کے بعد ان کی بحالی کا پروگرام جاری کردیا ہے ،میڈیکل ایڈوائزری کمیٹی 10 روز بعد ایک مرتبہ پھر فخرزمان کی انجری کا جائزہ لے گی۔یاد رہے کہ ا س سے قبل شاہین شاہ آفریدی ڈینگی بخار کا شکار ہوکر پری سیزن کیمپ سے باہر ہو گئے تھے اور اب فخر زمان اس سے باہر ہونے والے دوسرے کھلاڑی ہیں ۔

متعلقہ خبریں