پرویز رشید کی عمران کوشرطیہ ہولناک دھمکی۔۔۔اور متوالے بریانی پر دشمن پارٹی سمجھ کر ٹوٹ پڑے
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع اکتوبر 16, 2016 | 17:52 شام
مردان(مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ ن کے رہنماوں نے مردان کے جلسے میں بھی پی ٹی آئی کو آڑے ہاتھوں لیا۔وزیر اطلاعات اور سنیٹر پرویز رشید نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈنڈے اور برچھی کی نہیں پرچی کی طاقت پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا شرط لگاتا ہوں 30 اکتوبر کو عمران خان اسلام آباد میں نہیں ہوں گے، کہاں ہوں گے وہ بعد میں بتاو¿ں گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر چاہتے تو پی ٹی آئی کو خیبر پختونخوا میں حکومت نہ بنانے دیتے، آج بھی پی ٹی آئی کی حکومت ہماری محتاج ہے، چاہیں تو ایک اشارے پر پی ٹی آئی کو کے پی اسمبلی سے باہر نکال دیں اور اپنی اکثریت ثابت کر دیں۔پیپلز پارٹی بھی مرکز میں ن لیگ کی حکومت کے بارے میں یہی دعوے کرتی ہے ۔ن لیگ مولانا فضل الرحمٰن کے برتے پر یہ کہتی ہے توپی پی پی کو زعم ہے کہ وہ پی ٹی آئی کو ساتھ دیکر ن لیگ کا دھڑن تختہ کرسکتی ہے مگر اس طرف اس لئے نہیں آتی کہ عمران خان کی ملک سے کرپشن کے خاتمے اور کرپٹ لیڈروں کو جیل میں ڈالنے کی قسم خوف بن کر سامنے کھڑی ہوجاتی ہے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی چودھری احسن اقبال نے کہا کہ جب بھی پاکستان ترقی کرنے لگتا ہے کچھ لوگ اندر سے ہی اٹھ کھڑے ہوتے ہیں۔ ن لیگ کو عمران خان کی سیاست کی وجہ سے آئندہ انتخابات میں دو تہائی ووٹ ملیں گے۔چودھری احسن اقبال نے جمشید خان کو ن لیگ میں شمولیت پر خوش آمدید کہا۔
اس موقع پر امیر مقام نے بھی خطاب کیا اور پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔جلسہ ختم ہوتے ہی متوالے کھانے پر ٹوٹ گئے۔ بریانی دیکھ کر منہ میں پانی آ گیا، بس پھر کیا تھا خوراک کی بے حرمتی اور دھینگا مشتی کے سواءکچھ نہ بچا.