انجنوں کے ساتھ پی آئی اے طیاروں کے کمپیوٹر بھی فیل ہونے لگے،پروازیں منسوخ،مسافر خوف میں مبتلا

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع دسمبر 12, 2016 | 09:17 صبح

لندن(مانیٹرنگ)لندن سے کراچی آنے والی پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی پرواز پی کے 788 کو تکنیکی خرابی کے باعث لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر روک لیا گیا۔پی آئی اے ترجمان دانیال گیلانی کے مطابق لندن سے کراچی آنے والی پرواز پی کے 788 کو معمولی تکنیکی خرابی کے باعث گذشتہ رات ایک بجے کے قریب ایئرپورٹ پر روکا گیا، تاہم اب طیارے کی خرابی دور کردی گئی ہے۔پی آئی اے ترجمان کا کہنا تھا کہ پرواز منسوخ کیے جانے کے بعد تمام مسافروں کو ہوٹل میں ٹھہرایا گیا جب کہ پرواز شام کے وقت لندن سے کراچی کے لیے

روانہ ہوگی۔

اس سے قبل رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ پی آئی اے کے طیارے پی کے 788 کا کمپیوٹر سسٹم ٹھیک طرح سے کام نہیں کر رہا تھا، جس کی وجہ سے اسے ایئرپورٹ پر روکا گیا۔خیال رہے کہ گذشتہ روز بھی پی آئی اے کے ملتان سے کراچی جانے والے طیارے کے انجن میں آگ لگنے کے حوالے سے رپورٹس سامنے آئی تھیں، تاہم قومی ایئرلائن نے طیارے میں آگ لگنے کی اطلاعات کی تردید کرتے ہوئے انھیں بے بنیاد قرار دیا تھا۔اس سے قبل رواں ماہ 7 دسمبر کو بھی پی آئی اے کا چترال سے اسلام آباد آنے والا اے ٹی آر مسافر طیارہ حویلیاں کے قریب گر کر تباہ ہوگیا تھا، جس کے نتیجے میں جہاز میں سوار عملے سمیت 48 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔