مصباح الحق‘ یونس خان اور شاہد آفریدی کو باوقار طریقے سے رخصت کیا جائے

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع اپریل 10, 2017 | 06:59 صبح

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک): مصباح الحق اور یونس خان پاکستان کرکٹ کے دو نامور کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے ہر موقع پر اپنی ٹیم کے لئے جی جان سے کرکٹ کھیلی اور ٹیم کو مشکل مرحلوں سے نکالا۔ شائقین کرکٹ ان کے کھیل کو تادیر یاد رکھیں گے۔ اب عمر کے تقاضے کو مدنظر رکھتے ہوئے انہوں نے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا جو فیصلہ کیا ہے وہ سوچ سمجھ کر ہی کیا ہو گا۔ کھیل میں عروج و زوال آتا رہتا ہے۔ پرفارمنس کبھی اچھی اور کبھی بری ہوتی ہے۔ مگر کھیل سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کھلاڑی اپنی صوابدید پر کرتا ہے۔ اسلئے امید ہے کہ ان کا یہ فیصلہ درست ہی ہو گا۔ اس طرح نئے خون اور ٹیلنٹ کو آگے آنے کا موقع ملے گا۔ اب پاکستان کرکٹ بورڈ کو چاہئے کہ وہ مصباح الحق اور یونس خان کے ساتھ شاہد آفریدی کو بھی شایان شان طریقے سے رخصت کرے۔ یہ تینوں کھلاڑی پاکستان کے لیجنڈ کرکٹر ہیں۔ انہیں قومی اعزاز کے ساتھ الوداع کہنا پوری قوم کے جذبات کی ترجمانی کرے گا۔