پیپلزپارٹی کا بجلی کی لوڈشیڈنگ کیخلاف سندھ بھر میں دھرنوں کا اعلان
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع اپریل 17, 2017 | 02:21 صبح
کراچی(مانیٹرنگ)پاكستان پیپلز پارٹی سندھ كے صدر نثار كھوڑو نے صوبے میں بدترین لوڈشیڈنگ کے خلاف کراچی سمیت تمام اضلاع میں وفاقی حکومت کے خلاف دھرنوں کا اعلان کیا ہے۔پیپلزپارٹی میڈیا سیل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ وفاقی حكومت عوام كو دھوكہ دے رہی ہے جب کہ سندھ بھر میں 20، 20 گھنٹے بجلی كی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جس کے خلاف 23 اپریل كو كراچی سمیت تمام اضلاع میں دھرنے دیں گے اور 30 اپریل كو تمام ڈویژنل ہیڈ كوارٹرز اور 14 مئی كو صوبائی سطح پر دھرنا دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت این ایف سی ایوارڈ كا اعلان نہ كر كے چھوٹے صوبوں سے استحصال كی پالیسی جاری ركھے ہوئے ہے، تربیلا دریا سندھ پر بنانا ہوا ہے اور تربیلا كے پانی سے بجلی بنا كر سندھ كے حصے كے پانی پر ڈاكہ ڈالا جا رہا ہے، سندھ سوكھ گیا ہے اور وفاقی حكومت نے پانی چوری كرنے كا سلسلہ جاری ركھا ہوا ہے۔
نثار كھوڑو نے كہا كہ پاكستان كے آئین میں واضح تحریر ہے كہ جس صوبے سے وسائل دریافت ہوں، ان وسائل پر پہلا حق اسی صوبے كا ہے لیكن سندھ سے سب سے زیادہ گیس دریافت ہوتی ہے لیكن اسے استعمال كیلیے اسكا حصہ نہیں ملتا جبكہ وزیر اعظم اپنے ایم این ایز میں اربوں روپے كی گیس كی اسكیمز بانٹ كر چھوٹے صوبوں پر ڈاكہ زنی كی روایت جاری ركھے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے اقتصادی راہداری منصوبے سے متعلق کہا کہ اس منصوبے کے موجد آصف علی زرداری تھے جنہوں نے سنگاپور سے گوادر پورٹ لے كر چین كے ساتھ شراكت شروع كی لیكن سی پیك پر سیاست شریف برادران چمكا رہے ہیں، وہ یہاں بھی سندھ كے حقوق پر ڈاكہ ڈالنا چاہتے تھے كیوں كہ سی پیك میں سندھ كا حصہ صرف 6 فیصد ركھا گیا لیكن جب پی پی پی نے صدائے احتجاج بلند كی تو وفاق سی پیك میں سندھ كے منصوبے شامل كرنے كیلیے تیار ہوا۔