غنویٰ بھٹو نے پی پی میں شمولیت کی دعوت قبول کرلی، نجی ٹی وی کا دعویٰ ، فاطمہ بھٹو نے تردید کردی

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع دسمبر 26, 2016 | 16:54 شام

 

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) نجی ٹی وی بول نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی  و سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کی بہو غنویٰ بھٹونے پیپلز پارٹی میں شمولیت کی دعوت قبول کرلی ہے جبکہ ان کی پوتی فاطمہ بھٹو اور پوتے ذوالفقار بھٹو جونیئر نے بھی اس دعوت کا خیر مقدم کیا ہے۔ دوسری جانب فاطمہ بھٹو

نے ان تمام دعوﺅں کی سختی سے تردید کردی اور غلط خبروں پر اظہار افسوس کیا ہے۔

 

نجی ٹی وی بول نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے میر مرتضیٰ بھٹو کی بیوہ غنویٰ بھٹو اور دونوں بچوں فاطمہ بھٹو اور ذوالفقار جونیئر کو پیپلز پارٹی میں شرکت کی دعوت دی۔ غنویٰ بھٹو کی جانب سے سابق صدر کی دعوت قبول کرلی گئی جبکہ ان کے بچوں نے بھی دعوت کا خیر مقدم کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں بھٹو خاندان ، زرداری خاندان کے ساتھ پیپلز پارٹی میں شامل ہوجائے گا ، یہ بھی امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ بینظیر بھٹو کی نویں برسی کے موقع پر بھٹو خاندان پی پی میں شمولیت کا اعلان کر سکتا ہے۔

 

دوسری جانب میر مرتضیٰ بھٹو کی بیٹی فاطمہ بھٹو نے ان دعوﺅں کی تردید کردی ہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں انہوں نے ان خبروں کو بے بنیاد قرار دیا اور کہا ”پاکستانی میڈیا کی جانب سے پھیلائی جانے والی گھٹیا افواہیں افسوسناک ہیں، برائے مہربانی شریفانہ و معقول بات کیا کریں“۔