کراچی کنگز اسلام آباد یونائیٹڈ کو ہراکرکوالیفائنگ فائنل میں پہنچ گئی

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع فروری 27, 2017 | 07:35 صبح

 

دبئی (مانیٹرنگ)متحدہ عرب امارات میں جاری پاکستان سپر لیگ کے میچ میں کراچی کنگز اسلام آباد یونائٹیڈ کو شکست دے کر کوالیفائنگ فائنل میں پہنچ گئی ۔بارش کی وجہ سے میچ کو پندرہ پندرہ اوورز تک محدود کردیا گیا ۔کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ اسلام یونائٹیڈ نے سات وکٹوں کے نقصان پر 123رنز بنائے ۔اوپنرز ڈیوائن سمتھ اور بین ڈکٹ نے 37رنز کا آغاز فراہم کیا ۔ڈکٹ 16رنز بناکر سہیل خان کی گیند پر کیرن پولارڈ کو کیچ تھما بیٹھے۔دوسری وکٹ 57کے مجموعی سکور پر گری جب حسین طلعت گیارہ رنز بناکر رن آئوٹ ہوئے ۔ شین واٹسن ایک بار پھر ناکام رہے اور صرف دو رنز بناکر سہیل خان کا نشانہ بنے ۔ بریڈہیڈن نے بارہ گیندوں پر بیس رنز کی اننگز سجائی ۔ سمتھ ایک رن کی کمی وجہ سے نصف سنچری مکمل نہ کرسکے اور 49رنز پر آئوٹ ہوگئے ۔شاد اب خان نے 9رنز کی اننگز کھیلی۔ کپتان مصباح الحق کی اننگز 12رنز تک محدود رہی ۔ محمد سمیع کھاتہ کھولے بغیر ناٹ آئوٹ رہے ۔محمد عامر ‘سہیل خان اور عثمان خان نے دو دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ۔ کراچی کنگز نے ہدف کرس گیل کی حارحانہ اننگزکی بدولت 4وکٹوں پرپورا کرلیا۔کرس گیل نے 17گیندوں پر 44رنز بنائے جس میں پانچ چھکے اوردو چوکے شامل تھے ۔پہلا کوالیفائنگ فائنل پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان شارجہ میں پاکستانی وقت کے مطابقکل رات نو بجے کھیلا جائے گا۔ فاتح ٹیم براہ راست فائنل میں پہنچ جائے گی ۔دوسرا کوالیفائنگ فائنل اسلام آباد یونائٹیڈاور کراچی کنگز کے درمیان یکم مارچ کو کھیلاجائے گا۔ فاتح ٹیم پہلے کوالیفائنگ فائنل کی شکست خوردہ ٹیم سے تین مارچ کو ٹکرائے گی ۔ فاتح ٹیم فائنل میں پہنچ جائے گی جو پانچ مارچ کوکھیلا جائے گا۔