مایوسی گناہ ہے،عمران اینڈ کو نے اس بنچ سے جلد فیصلے کی امیدیں لگا لیں جو ابھی بنا بھی نہیں ہے

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع دسمبر 12, 2016 | 06:08 صبح

لاہور (مانیٹرنگ) تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نعیم الحق کا کہنا ہے کہ عدالت عظمیٰ میں پانامہ لیکس کے مقدمے سے متعلق نیا بنچ بننے سے فیصلہ جلد آئیگا اور وزیر اعظم نااہل ہوں گے ۔ ماڈل ٹاﺅن میں میڈیا سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس پر پارٹی وکیل نعیم بخاری دلائل مکمل کرچکے ہیں تاہم چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں بننے والے بنچ کو دوبارہ دلائل دیں گے۔ نعیم الحق نے امید ظاہر کی کہ نیا بنچ بننے سے پانامہ کیس کا مسئلہ حل ہوجائیگا۔ پانامہ کیس پر عدالتی جنگ کے ساتھ ساتھ عوامی جنگ بھی لڑیں گے عوامی کچہریاں لگائیں گے اور بڑے بڑے جلسے منعقد کریں گے جس سے عمران خان خطاب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ منگل کو پارٹی کا اہم اجلاس طلب کیا گیا ہے جس میں مستقبل کی حکمت عملی کے حوالے سے اہم فیصلے کئے جائیں گے۔ اےن اےن آئی کے مطابق انہوں نے کہا عدالت کے سامنے تمام ثبوت اور حقائق سامنے آچکے ہیں لیکن ہمارا کمزور عدالتی نظام ہے اسکے باوجود ہم پُرامید ہیں کہ فیصلہ عوام کے حق میں آئیگا اور نواز شریف نااہل ہونگے۔ پوری قوم کرپٹ حکمرانوں کیخلاف فیصلے کا انتظار کر رہی ہے۔