پی ٹی آئی نے الیکشن کی تیاری شروع کردی، جہانگیرترین
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع جنوری 13, 2017 | 20:10 شام
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک): تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے آج سے الیکشن کی تیاری شروع کردی ہے، الیکشن لڑنے کی سائنس سمجھ آگئی ہے۔ سب کو پتہ ہے کہ الیکشن کا وقت قریب آگیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں اپنے اعزاز میں دی گئی استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جہانگیر ترین نے کہا کہ اس بار ہم تیاری کے ساتھ الیکشن میں حصہ لیں گے، 2013ء میں ہمیں ہوم ورک کے بغیر ٹکٹ دئیے گئے تھے، اس بار تمام فیصلے منظم طریقے سے کریں گے۔جہانگیر ترین نے کارکنان کو بھی واضح پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اس بار میرٹ اور حلقے میں کام کرنے والوں کو ہی ٹکٹ دئیے جائیں گے۔اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما علیم خان نے کہا کہ قیادت سے اپیل ہے کہ عام انتخابات کے لئے جلد امیدواروں کا اعلان کردیا جائے، انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس میں عمران خان نے نواز شریف کو بے نقاب کردیا، ہمیں عدلیہ پرایمان ہے کہ انصاف ملے گا۔استقبالیہ تقریب کے دوران پی ٹی آئی کارکنوں نے لاہور کی قیادت کو تبدیل کرنے کے حوالے سے نعرے بھی لگائے، ان کا مطالبہ تھا کہ علیم خان کے بعد لاہور کی تنظیم ختم ہوچکی ہے، لہٰذا صدر ولید اقبال کو تبدیل کیا جائے۔