2020 ,مارچ 1
ماہ رجب کو ظہورِ اسلام سے قبل بھی حرمت والے مہینے کا درجہ حاصل تھا اور اس مہینے میں جنگیں رک جایا کرتی تھیں۔
اسلامی سال کے ساتویں مہینہ کا نام رجب المرجب ھے اور اس نام کی وجہ تسمیہ یہ ھے کہ رجب ترجیب سے ماخوذ ھے اور ترجیب کے معنی تعظیم کرنا ھے۔ یہ حرمت والا مہینہ ھے اس مہینہ میں قتال و جدال نہیں ہوتا تھا اس لیے اسے ’الاصم رجب‘ کہتے تھے کہ اس میں ہتھیاروں کی آوازیں نہیں سنی جاتیں تھیں۔
اس مہینہ کو ’اصب‘ بھی کہا جاتا ھے کیوں کہ اس میں اللہ تعالیٰ اپنے بندوں پر رحمت و بخشش کے خصوصی انعام فرماتا ھے۔ اس ماہ میں عبادات اور دعائیں مستجاب ہوتی ھیں۔
رجب ان چار مہینوں میں سے ایک ھے جن کا قرآن کریم میں ذکر آیا ھے۔
"بے شک مہینوں کی گنتی اللہ کے نزدیک بارہ مہینے ھیں اللہ کی کتاب میں جب سے اس نے آسمان اور زمین بنائے ان میں چار حرمت والے ھیں یہ سیدھا دین ھے تو ان مہینوں میں اپنی جان پر ظلم نہ کرو۔"
سورہ توبہ
حدیث نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں ارشاد فرمایا گیا ھے کہ رجب اللہ تعالیٰ کا مہینہ ھے اور شعبان میرا مہینہ ھے اور رمضان میری امت کا مہینہ ھے ۔
یہی مہینہ معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا مہینہ بھی ھے یعنی اسی ماہ کی 27 تاریخ کو اللہ تعالیٰ نے اپنے پیارے حبیب صل اللہ علیہ وآلہ وسلم کو آسمانوں کی سیر کرائی اور ملاقات کا شرف بخشا۔
سرِلامکاں سے طلب ہوئی
سوئے منتہیٰ وہ چلے نبی
قرآن پاک میں بنی اسرائیل کی پہلی آیت میں اس واقعہ کا ذکر موجود ھے ، جو معراج یا اسراء کے نام سے مشہور ھے ، احادیث مبارکہ میں بھی اس واقعہ کی تفصیل ملتی ھے شب معراج انتہائی افضل اور مبارک رات ھے کیونکہ اس رات کی نسبت معراج سے ھے ۔
پاک ھے وہ ذات جس نے راتوں رات اپنے بندے کو مسجد حرام سے مسجد اقصٰی تک سیر کرائی جس کے اردگرد ھم نے برکت رکھی ھے تاکہ ھم اسے اپنی کچھ نشانیاں دکھائیں، بے شک وہ سننے والا دیکھنے والا ھے۔
سورہ بنی اسرائیل
چونکہ یہ سفر معراج محبت اور عظمت کا سفر تھا اور یہ ملاقات محب اور محبوب کی خاص ملاقات تھی لہٰذا اس رودادِ محبت کو راز میں رکھا گیا، سورۃ النجم میں فقط اتنا فرمایا گیا ھے کہ وہاں اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو جو راز اور پیار کی باتیں کرنا چاہیں وہ کرلیں۔
الصلوة والسلام عليك يا سيدى يا رسول الله
الصلوة والسلام عليك يا سيدى يا حبيب الله
الصلوة والسلام عليك يا سيدى يا شفيع المذنبين
الصلوة والسلام عليك يا سيدى يا خاتم النبيين