پاناما کا فیصلہ ہمارے خلاف آیا تو عوام رد عمل ظاہر کرینگے: رانا ثناءاللہ
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع اپریل 10, 2017 | 07:06 صبح
اسلام آباد (مانیٹرنگ) پنجاب کے وزیر قانون رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ اگر پانامہ کیس کا فیصلہ ہمارے خلاف آیا تو عوام اسے تسلیم نہیں کریں گے ۔ جنوبی پنجاب میں کوئی نوگوایریا نہیں ہے اور تمام مدارس کی بھرپور نگرانی کی جا رہی ہے۔ پنجاب سے پی پی کا جنازہ نکل چکا ہے جبکہ پی ٹی آئی کو منفی سیاست نے بہت پیچھے دھکیل دیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک انٹرویو کے دوران کیا ۔انہوں نے کہا مسلم لیگ (ن) کو سپریم کورٹ پر مکمل اعتماد ہے اور پانامہ کیس کی سماعت کرنے والے بنچ کے تمام ججز صاحبان قابل ایماندار اور باصلاحیات ہیں وہ جو بھی فیصلہ کریں مسلم لیگ( ن) اور وزیر اعظم نواز شریف اسے تسلیم کریں گے تاہم ایک سیاسی کارکن کی حیثیت سے یہ کہنا چاہتا ہوں کہ اگر پانامہ کیس کا فیصلہ میاں نواز شریف کے خلاف آیا تو عوام کی اکثریت اسے تسلیم نہیں کرے گی کیونکہ عوام نے انہیں تیسری دفعہ وزیر اعظم منتخب کیا ہے اور اگر کسی عوامی لیڈر کو غیر عوامی اور غیر جمہوری طریقے سے ہٹانے کی کوششیں کی گئیں تو عوام اس پر ردعمل ظاہر کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ پانامہ کیس کا فیصلہ ہمارے حق میں آئے گا اور اس کے نتیجے میں ہی لہر اٹھے گی ۔ مخالفین کو 2018 کے انتخابات میں اپنی انتخابی مہم چلانا مشکل ہو جائے گی ۔ انہوں نے کہاکہ مال روڈ خودکش حملے کے دہشتگرد طورخم کے راستے سے آئے تھے ان کا جنوبی پنجاب سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔