اسلام آباد میں 9 سالہ بچی کے باپ کی شور سے آنکھ کھلی تو ایسا منظر دیکھ لیا کہ پیروں تلے زمین نکل گئی
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع اپریل 09, 2017 | 22:05 شام
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی دارالحکومت کی پولیس نے 9 سالہ بھتیجی کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے والے شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔ متاثرہ بچی اور اس کی فیملی سیکٹر آئی 16 کے قریب اینٹوں کے بھٹے کے پر کام کرتی ہے اور وہاں بنائے گئے رہائشی کوارٹرز میں ہی قیام پذیر ہیں۔ متاثرہ بچی کے باپ نے 29 مارچ کو نون پولیس سٹیشن میں شکایت درج کرائی کہ اس کی بیٹی اپنی دادی کیساتھ کوارٹرز میں سو رہی تھی کہ اس دوران ایک نامعلوم شخص نے اسے زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔ بچی کے باپ نے موقف اختیار کیا کہ لڑکی کے شور سے اس کی آنکھ کھلی تو اس نے ملزم کو پکڑنے کی کوشش کی تاہم وہ فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
پولیس کے مطابق متاثرہ بچی شدید زخمی ہوئی جبکہ ڈاکٹرز نے جنسی زیادتی کی تصدیق بھی کر دی ہے۔ بعد ازاں پولیس نے اسے حکومت کی نگرانی میں چلنے والے ادارے میں بھیج دیا ہے۔ بچی نے پولیس کے تفتیشی حکام کو بتایا کہ اس کے چچا نے اسے زیادتی کا نشانہ بنایا۔ بچی نے مجسٹریٹ کے سامنے بھی اپنا بیان ریکارڈ کرا دیا ہے۔بیان ریکارڈ کرنے کے بعد پولیس نے ملزم کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے جسے مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا جہاں اسے 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے اعتراف جرم کر لیا ہے اس کے علاوہ وہ بچی کے ساتھ دست درازی بھی کرتا رہا ہے۔ بچی کے والدین عدالت کے فیصلے کے منتظر ہیں۔۔۔۔