حکومت ایماندار افسروں سے خوفزدہ ہے رحمت وردگ

2022 ,جنوری 14



تحریک استقلال کے مرکزی صدر رحمت خان وردگ نے کہا ہے کہ سابق ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن جیسے ایماندار اور دیانتدار شخص کے انکشافات ہی موجودہ حکومت کے احتساب کے نام پر انتقام کو بے نقاب کرنے کے لئے کافی ہیں۔ بشیر میمن کو حکومتی اعلی شخصیات نے کئی بار شہباز شریف۔ مریم نواز۔ حمزہ شہباز سمیت ن لیگ کی اعلی قیادت کے خلاف مقدمات بنانے کا کہا جو سراسر سیاسی انتقام کے زمرے میں آتا ہے اور بشیر میمن کے انکار پر نہ صرف انہیں عہدے سے ہٹادیا گیا بلکہ ان کے خلاف انتقامی کارروائی کا آغاز کردیا گیا جوکہ قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں انتہائی ایماندار۔ دلیر اور دیانتدار افسران موجود ہیں جن میں بشیر میمن کے علاوہ نمایاں افسران میں ثناء اللہ عباسی۔ اے ڈی خواجہ اور غلام نبی میمن کا نام کسی تعرف کا محتاج نہیں۔ ان افسران نے حکمرانوں کے غلط احکامات کبھی نہیں مانے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فارن فنڈنگ کیس میں چور ثابت ہو جانے والے حکمران اب اپنی چوری چھپانے کے لئے دوسری بڑی جماعتوں سے الیکشن کمیشن میں حساب مانگ رہے ہیں حالانکہ ن لیگ اور پی پی سے یہ لوگ حساب نہیں مانگ سکتے کیونکہ پی ٹی آئی کے خلاف اپوزیشن جماعتیں نہیں بلکہ خود پی ٹی آئی کا بانی رکن الیکشن کمیشن میں فارن فنڈنگ کیس لیکر گیا تھا۔

متعلقہ خبریں