پی ایس ایل فائنل کی رنگا رنگ تقریب نے سب کے دل جیت لیے
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک): پاکستان سپر لیگ کی اختتامی تقریب میں دہشت گردی کے خلاف قربانیاں دینے والے پاک فوج کے افسران، جوانوں اوردیگر شہدا کو زبر دست خراج عقیدت پیش کیا گیا۔پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کی اختتامی تقریبات کا باقاعدہ آغاز دہشت گردی کے خلاف اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاک فوج کے شہداء کو خراج عقیدت سے کیا گیا جس کے لئے پاک فوج کے پیرا ٹروپرز نے قذافی اسٹیڈیم میں پیرا ٹروپنگ کا شاندار مظاہرہ کیا۔پاک فوج کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد گلوکار علی ظفر نے پی ایس ایل کا ٹائٹل سانگ پیش کر کے عوام کو جھومنے پر مجبور کردیا۔ علی ظفر کے بعد گلوکار فاخر نے اپنا مشہور زمانہ قومی نغمہ ’تیرے بنا دل نا لگے‘ پیش کر کے شائقین کرکٹ کا لہو گرمایا۔ اس کے علاوہ گلوکار علی عظمت نے بھی اپنی آواز کا جادو جگا کر شائقین کو محظوظ کیا جب کہ ڈرم بیٹر فرہاد نے بھی اپنی پرفارمنس پیش کی۔گلوکاروں کی شاندار پرفارمنس کے بعد دونوں ٹیموں کے کھلاڑی گراؤنڈ میں آئے اور ہاتھ ہلا کر شائقین کرکٹ کے نعروں کا جواب دیا۔ کھلاڑیوں نے مداحوں کے ساتھ سیلفیاں بھی بنوائیں۔ تیسرے پلے آف میں کراچی کنگز کے خلاف زخمی ہونے والے شاہد آفریدی گراؤنڈ میں پہنچے تو پورا گراؤنڈ ’لالہ لالہ‘ کے نعروں سے گونج اٹھا جب کہ پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی پاکستانی فنکاروں کی پرفارمنس پر جھومتے نظر آئے۔پی ایس ایل کی اختتامی تقریب کے لئے قذافی اسٹیڈیم کو دلہن کی طرح سجایا گیا جب کہ سیکیورٹی کے بھی انتہائی سخت انتظامات کئے گئے.