سما المصری نے رمضان میں اسلامی پروگرام کرنے کا اعلان کردیا،علما غضبناک

2017 ,مارچ 27



قاہرہ(مانیٹرنگ)مصر میں معروف بیلے ڈانسر سما المصری کی جانب سے رمضان المبارک میں ایک مذہبی پروگرام پیش کرنے سے متعلق اعلان نے ملک میں عوامی اور "الازہری" حلقوں میں غم و غصے کی لہر دوڑا دی ہے۔ مذکورہ رقاصہ نے عرب خبررساں ادارے سے گفتگو میں اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ عنقریب اس حوالے سے تفصیلات کا انکشاف کرے گی۔ سما کا کہنا ہے کہ ایک سیٹلائٹ چینل کے ساتھ طے ہونے والے معاہدے کے تحت وہ اپنے پروگرام میں مبلغین اور مذہبی شخصیات کی میزبانی کرے گی جو والدین کے حقوق اور ان کی نافرمانی کی سزا پر روشنی ڈالیں گے۔
 
ad

 

سما المصری نے پروگرام پیش کرنے کے حوالے سے اس مشکل کا اعتراف کیا کہ چینل انتظامیہ اُس کو پروگرام میں حجاب کے ساتھ دیکھنا چاہتی ہے جب کہ وہ اس بات کو مسترد کر رہی ہے۔ تاہم وہ "اسکارف" پہننے پر غور کر رہی ہے۔ سما نے بتایا کہ یہ پروگرام جس چینل پر نشر ہو گا اس کا شمار مصر کے صفِ اوّل کے سیٹلائٹ چینلوں میں ہوتا ہے تاہم وہ ابھی اس کا نام نہیں بتا سکتی۔ سما المصری کی جانب سے اس اعلان کے بعد سوشل میڈیا پر ایک طوفان کھڑا ہو گیا ہے اور عوامی حلقوں نے چینل کے ذمے داران کے احتساب اور اس کے پروگراموں کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا ہے۔ یہ خطے میں اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہوگا جس سے مصر اور الازہر کے تشخص کو بھی نقصان پہنچے گا۔ دوسری جانب الازہر کے علماء کرام نے مذکورہ پروگرام کو روک دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے باور کرایا ہے کہ الازہر اس سلسلے میں خاموش نہیں رہے گا اور اس سلسلے میں پروگرام کو روک دینے اور چینل کے ذمے داران کے خلاف چارہ جوئی کے لیے حکام سے مطالبہ بھی کر سکتا ہے۔ علماء کا کہنا ہے کہ وہ باقاعدہ طور پر اس اعلان کے منتظر ہیں جس کے بعد الازہر اپنی کارروائی کا آغاز کرے گا۔

متعلقہ خبریں