سری لنکا کے دورہ پاکستان کے غبارے سے ہوا نکل گئی

2017 ,جولائی 6



لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک): یہ ہوتی ہے خفت جو اپنی طرف سے بے پر کی خبر اڑانے پر اٹھانا پڑتی ہے۔ اطلاع تھی کہ سری لنکا والے پاکستان میں کرکٹ میچ کھیلنے کے حوالے سے مشاورت کر رہے ہیں۔ ہمارے بورڈ والوں نے آؤ دیکھا نہ تاؤ خبر اڑا دی کہ سری لنکا کی کرکٹ ٹیم پاکستان میں کھیلنے آئے گی۔ سری لنکا پاکستان میں کھیلنے پر آمادہ ہو گیا۔ اس پر خوب واہ واہ بھی ہوئی۔ پی سی بی والوں کو شاباش بھی ملی۔ یہی وہ چاہتے تھے۔ کیونکہ ’’جو لوگ کچھ نہیں کرتے کمال کرتے ہیں‘‘ ابھی زیادہ عرصہ نہیں ہوا۔ جب پی سی بی والے داد و ہش سمیٹ کر فارغ ہوئے ہیں۔ اب جب سری لنکا حکومت اور وہاں کے کرکٹ بورڈ والوں کی مشاورت ختم ہوئی تو یہ منحوس خبر سامنے آئی کہ سری لنکا کی کرکٹ ٹیم نے پاکستان کا دورہ کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ اب معلوم نہیں پی سی بی والے اس پر صف ماتم بچھائیں گے یا سری لنکا کی کرکٹ ٹیم کی متحدہ عرب امارات میں سیریز کھیلنے کی تیاریوں کے حوالے سے نت نئے فسانے گھڑیں گے۔ تاکہ خفت اور شرمندگی سے نجات مل سکے۔ سری لنکا کے دورہ پاکستان کے غبارے سے ہوا نکل چکی ہے۔ اب یہ پی سی بی کے ناخدا ہی بتا سکتے ہیں کہ وہ کسی امید پر کھیل کے میدان میں پاکستان کی تنہائی ختم ہونے کا ڈھول پیٹ رہے تھے۔ ان کی ساری کارگزاری صرف غیر ملکی دوروں میں سیر سپاٹوں تک ہی لگتی ہے۔ پی سی بی والوں کو وزیراعظم میاں نوازشریف کی اس بات کو پلے باندھ لینا چاہئے کہ کوئی ٹیم پاکستان نہیں آتی نہ آئے ہمیں کسی کے پیچھے بھاگنے منت ترلے کرنے کی ضرورت نہیں۔

متعلقہ خبریں