اسلام آباد (مانیٹرنگ) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ مجھے لگتا ہے اگلے پندرہ دنوں میں نواز شریف نااہل ہوجائیں گے، عدالت نے کہا ہے کہ قطرکے شہزادے کے خط کی کوئی قانونی اہمیت نہیں، اس خط کو سچ یا جھوٹ ثابت کرنا ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاور پلے میں میزبان ارشد شریف سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، شیخ رشید نے کہا کہ میری پٹیشن میں صرف نواز شریف کا نام ہے، میرا کیس صاف ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ دادا کی جائیداد بیٹوں کو پہلے کیوں نہیں دی گئی؟ نواز شریف نے اپنی بیٹی مریم نواز کی کفالت سے متعلق کیوں نہیں لکھا؟ میری نظر میں نواز شریف صادق اور امین نہیں رہے، پوری قوم سمجھ گئی یہ لوگ رنگے ہاتھوں پکڑے گئے۔
نواز شریف نے پارلیمنٹ میں جھوٹ بولا، کمیشن کی ضرورت نہیں، نواز شریف کے لیے اب اسٹیپ ڈاؤن ہونا بھی بے سود ہے، انہوں نے دعویٰ کیا کہ بہت جلد پانچ سے چھ لوگ سلطانی گواہ بن جائیں گے۔