شہبازشریف کی زیرصدارت اجلاس میں فروغ تعلیم کے حوالے سے اقدامات اور جاری تعلیمی پروگراموں پر پیشرفت کا جائزہ
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع اپریل 08, 2017 | 06:43 صبح
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعلیٰ شہبازشریف کی زیرصدارت اجلاس میں فروغ تعلیم کے حوالے سے اقدامات اور جاری تعلیمی پروگراموں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ شہباز شریف نے کہا ہے کہ نوجوان نسل کو جدید علوم سے آراستہ کر کے ترقی و خوشحالی کی منزل حاصل کریں گے۔ پنجاب حکومت نے علم کی کرنیں صوبے کے کونے کونے میں بکھیرنے کیلئے انقلابی نوعیت کے اقدامات کئے ہیں-2018ء تک بچوں کے سکولوں میں 100فیصد داخلہ کا ہدف حاصل کیا جائے گا اور حکومت کے تعلیمی پروگراموں کے باعث اب کوئی بچہ تعلیم سے محروم نہیں رہے گا۔ حکومتی اقدامات کے باعث سکولوں میں اساتذہ اور طلبا کی حاضری میں نمایاں بہتری آئی ہے-40ارب روپے کی لاگت سے 52ہزار سے زائد سکولو ںمیں بنیادی سہولتیں فراہم کی گئی ہیںجبکہ مخدوش عمارتوں کی دوبارہ تعمیر پر 16ارب روپے خرچ کئے گئے ہیں اور اربوں روپے کی لاگت سے سکولوں میں 36ہزار اضافی کمرے تعمیر کئے جا رہے ہیں اور ان اضافی کمروں کی تعمیر سے طلبا وطالبات کو حصول تعلیم کے لئے بہترین سہولتیں ملیں گی۔6ہزار سے زائد سکولوں میں کمپیوٹر لیبز فراہم کی گئی ہیںجبکہ طلبا وطالبات کو شفاف عمل کے ذریعے لاکھوں لیپ ٹاپ فراہم کئے گئے ہیں اور رواں برس لاکھوں مزید لیپ ٹاپ فراہم کئے جائیں گے۔ پنجاب حکومت نے ہر سطح پر میرٹ اور شفافیت کی پالیسی کو اپنایا ہے۔ 2لاکھ 20ہزار اساتذہ صرف اور صرف میرٹ کی بنیاد پر بھرتی کئے گئے ہیں اور اس سا ل مزید 80 ہزار اساتذہ بھرتی کئے جا رہے ہیں۔ پسماندہ علاقوں کے انتہائی غریب بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی کے لئے 14دانش سکول قائم کئے گئے ہیں اور ان سکولوں میں پسماندہ علاقوں کی خاک آلود گلیوں کے بچے اور بچیوں کو معیاری تعلیم مفت فراہم کی جا رہی ہے۔ ہر سال سرکاری سکولوں میں طلبا وطالبات کو مفت کتابوں کی فراہمی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ 87ہزار سے زائد بچوں کو بھٹوںسے نکال کر سکولو ں میں لایا گیا ہے۔ جن ہاتھوں میں پہلے مٹی اور گارا تھا اب ان ہاتھوں میں قلم اور کتاب ہے اور ان بچوں کو مفت یونیفارم، بیگز، کتابوں کے علاوہ ایک ہزار روپے وظیفہ بھی دیا جا رہا ہے۔ پنجاب حکومت نے بجلی سے محروم 20ہزار سکولوں کو شمسی توانائی پرمنتقل کرنے کا پروگرام ترتیب دیا ہے-بجلی سے محروم ان سکولوں کو سولر پینلرز کے ذریعے روشن کرنے کا پروگرام اسی سال مکمل کیا جائے گا۔ حکومت کے تعلیمی پروگراموں میں پاکستان کی تمام اکائیوں کی شمولیت سے قومی وحدت مضبوط ہورہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمارا ہر قدم فروغ تعلیم کے لئے اٹھ رہاہے۔ قوم کے نونہالوں کی تعلیم و تربیت کے لئے وسائل کی فراہمی اخراجات نہیں سود مند سرمایہ کاری ہے۔ اس لئے حکومت قوم کے مستقبل کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کے لئے وسائل میں کمی نہیں آنے دے گی۔