”مردم شماری ٹیم کا نیا کارنامہ “ ایسے سوال پوچھ لیے کہ شہری چکرا کر رہ گئے

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع اپریل 11, 2017 | 11:30 صبح

اسلام آباد(مانیٹرنگ رپورٹ)مردم شماری والوں کا نیا کارنامہ سامنے آگیا، شہری عجیب و غریب سوالات سے چکرا کر رہ گئے۔ کراچی کے شہریوں نے رپورٹنگ ٹیم کو بتایا کہ مردم شماری والوں کے سوالات نے انہیں چکرا کر رکھ دیا ہے۔ ایک شہری نے بتایا کہ مردم شماری ٹیم نے اس سے پوچھا کہ ”کیا آپ کے گھر انٹرنیٹ ہے“ اس کا کہنا تھا کہ میں نے انہیں جواب تو دے دیا مگر مجھے اس سوال کی منطق سمجھ نہیں آئی کہ آیا یہ مردم شماری کے سلسلے میں فارم پر موجود خانوں میں سے کس خانے کیلئے پوچھا گیا سوال ہے۔

 ایک دوسرے شہری کا کہنا تھا کہ مردم شماری والوں نے اس سے پوچھا کہ ”کیا آپ کے گھر میں پی ٹی سی ایل ٹیلی فون اور انٹرنیٹ کنکشن ہے اور کونسا ہتھیار آپ کے پاس ہے“۔ایک خانہ بدوش نے بتایا کہ اس سے کوئی سوال نہیں کیا گیا بلکہ مردم شماری والے آئے اور اس کی جھونپڑی کا نمبر اور اس کا نام پتہ لکھ کر چلے گئے۔ جبکہ دوسری جانب کئی شہری ایسے تھے جن کے مطابق مردم شماری والوں نے ان سے کوئی بھی غیر ضروری سوال نہیں پوچھا بلکہ تمام سوالات فارم کے مطابق تھے۔