چھوٹے نواب کی بہن کی تصویر منظر عام پرآگئی
ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک): بالی ووڈ کے چھوٹے نواب تیمور علی خان کی بہن (کزن) اور اداکارہ سوہا علی خان کی بیٹی عنایا کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ بالی ووڈ اداکارسیف علی خان کی بہن اور کرینہ کپور کی نند اداکارہ سوہا علی خان اور اداکار کنال کھیمو حال ہی میں صاحب اولاد ہوئے ہیں۔ سوہا علی خان رشتے میں تیمور کی پھوپھی ہیں لہٰذا ان کی بیٹی تیمور کی چھوٹی بہن ہوئیں۔ سوہا علی خان نے یہ خبر مداحوں کے ساتھ تو شیئر کی تھی تاہم اپنی بیٹی کی تصویر کو آج تک مداحوں سے چھپائے رکھا تھا۔

لیکن بچوں کے عالمی دن کے موقع پر سوہا علی خان نے اپنی بیٹی عنایا نومی کھیمو کی تصویر مداحوں کے ساتھ شیئر کی ہے اور یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ عنایا بالکل اپنے بڑے بھائی تیمور علی خان پر گئی ہیں۔ جب کہ عنایا کی آنکھیں تو ہو بہو تیمور سے ملتی ہیں۔تصویر کے ساتھ سوہا نے تمام بچوں کو اس دن کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آپ کی معصومیت ہمیشہ برقرار رہے اور آپ سب بڑے ہوکر اچھے انسان بنیں، بچوں کا عالمی دن مبارک ہو۔

واضح رہے کہ سوہاعلی خان اور کنال کھیمو 2015 میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے۔