جسمانی درد کا علاج ایسے جیسے بچہ ماں کے پیٹ میں
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع دسمبر 23, 2016 | 20:10 شام

ٹوکیو (شفق ڈیسک) جاپان میں خراب انداز میں اٹھنے بیٹھنے سے متاثرہ جسم میں پیدا ہونیوالی سختی اور تکلیف کو دور کرنے کیلئے مریضوں کو ایک بڑی چادر میں گٹھڑی کی طرح لپیٹ کر انکا علاج کرنیکا طریقہ بہت مقبول ہورہا ہے۔ جاپانی طویل اوقات تک سخت محنت کرنے میں مشہور ہیں اور اس دوران ان کی نشست و برخواست کا انداز (پوسچر) متاثر ہوتا ہے جس سے طرح طرح کی تکالیف مثلاً جوڑوں کا درد، سختی اور دیگر امراض پیدا ہوتے ہیں۔ مساج اور اعضا کو کھینچنے سے بھی فائدہ ہوتا ہے لیکن جاپانی ماہرین نے اسکا بہتر حل تلاش کیا ہے
وہ مریضوں کو ایک بڑی چادر میں باندھ کر جسم کو اسی حالت میں رکھتی ہیں جسطرح ایک بچہ ماں کے پیٹ میں سکڑ کر سویا رہتا ہے۔ اسے بالغ افراد کو لپیٹنے (اڈلٹ باڈی ریپنگ) کا نام دیا گیا ہے۔ لوگ بڑی تعداد میں اسے اپنا رہے ہیں۔ اس میں ایک ایسا باریک کپڑا بدن پر لپیٹا جاتا ہے کہ مریض کو سانس لینے میں تکلیف نہ ہو اور اسے 15 سے 20 منٹ کیلئے چھوڑ دیا جاتا ہے۔ واضح رہے کہ ہمارے ملک میں بھی چھوٹے بچوں کو سکون دینے یا معمولی پیدائشی نقائص دور کرنے کیلئے انہیں اسی طرح لپیٹا جاتا ہے بس فرق یہ ہے کہ اب اسے بالغ افراد پر آزمایا جارہا ہے۔ اسے آزمانے والے خواتین و حضرات نے بہت مفید قرار دیا ہے۔ وجہ یہ ہے کہ وقت گزرنے کیساتھ ساتھ ہماری کمر اور ہڈیوں کی لچک کم ہوتی جاتی ہے اور خود کو اسطرح گھٹڑی میں باندھنے سے بدن کو نہ صرف سکون ملتا ہے بلکہ ڈھانچے پر ہونے والے اثرات بھی کم ہوجاتے ہیں۔ اگرچہ اس طریقے پر تنقید اور غیرسائنسی ہونے کا الزام بھی لگایا جارہا ہے لیکن یہ سلسلہ جاری ہے اور ایک سیشن کی قیمت 3 ہزار سے ساڑھے 6 ہزار روپے ہے۔