win32k.sys سسٹم کال بلاک، سسٹم میں موجود کمزوری سے بچا جا سکے

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع نومبر 08, 2016 | 17:24 شام

نیویارک (شفق ڈیسک) اگر تو آپ مائیکروسافٹ ونڈوز پر مبنی سمارٹ فونز یا کمپیوٹر استعمال کر رہے ہیں تو بری خبر یہ ہے کہ گوگل نے اس میں سنگین سکیورٹی مسائل کی نشاندہی کی ہے۔ گوگل نے چند روز قبل انتباہ جاری کیا تھا کہ ایڈوب فلیش اور ونڈوز کی سکیورٹی میں ایسی خامیاں موجود ہیں جو ہیکرز کو سسٹم پر قبضے میں مدد فراہم کرتی ہیں۔ اس انتباہ کے بعد ایڈوب نے 26 اکتوبر کو فلیش اپ ڈیٹ کے ذریعے اس خامی کو ٹھیک کر لیا تھا مگر مائیکروسافٹ نے تاحال اب تک کوئی اقدام نہیں کیا۔ گوگل کیمطابق ونڈوز میں موجود خامی ہیکرز

کا کام بہت زیادہ آسان کر دیتی ہیں اور وہ اس کا فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ گوگل کیمطابق ونڈوز کیرنل کو سکیورٹی سے بچنے کیلئے استعمال کیا جا سکتا ہے، یہی وجہ ہے کہ ابھی ونڈوز 10 میں گوگل کروم کے سکیورٹی سینڈ باکس میں win32k.sys سسٹم کال کو بلاک کیا گیا ہے تاکہ سسٹم میں موجود کمزوری سے بچا جاسکے۔ تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ ایڈوب فلیش کے مقابلے میں ونڈوز میں اس کمزوری کو ٹھیک کرنا زیادہ آسان ہے اور مائیکروسافٹ کو اس کیلئے اتنے زیادہ دن لگانے کی ضرورت نہیں تھی۔ مائیکروسافٹ کے ترجمان کیمطابق ہم سسٹم کی خامیوں کے حوالے سے دوسروں سے رابطوں پر یقین رکھتے ہیں اور گوگل کی جانب آج کئے جانے والے انکشافات صارفین کو درپیش ممکنہ خطرات کی نشاندہی کرتے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ ونڈوز واحد پلیٹ فارم ہے جو سکیورٹی مسائل کی رپورٹس کی تفتیش اور حفاظتی اپ ڈیٹس پر جلد از جلد توجہ دیتا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ ہم صارفین کو مشورہ دیتے ہیں کہ وہ بہتر تحفظ کیلئے ونڈوز 10 اور مائیکرو سافٹ ایج براؤزر استعمال کریں۔ تو اگر آپ ایڈوب فلیش استعمال کرتے ہیں تو اسے اپ ڈیٹ کرلیں جبکہ مائیکروسافٹ کی جانب سے اس حوالے سے فائل ریلیز ہونے کے بعد اپ ڈیٹ کریں۔