انٹرنیٹ پر محبت اور پھر شادی حقیقت سامنے آئی تو اپنی خوش قسمتی پر یقین نہ آئے

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع نومبر 30, 2016 | 19:29 شام

نیویارک (شفق ڈیسک) امریکی ریاست فلوریڈا میں ایک شخص نے ضرورت رشتہ کی ویب سائٹ پر ایک لڑکی پسند کی اور اس سے شادی کر لی۔ بعدازاں اس پر ایک ایسا راز منکشف ہوا کہ اس کی خوشی کا ٹھکانہ نہ رہا۔ ایلیٹ ڈیلی کی رپورٹ کیمطابق 34 سالہ جسٹن پاؤنڈرز اور ایمی گبرسن کی ملاقات میچ ڈاٹ کام پر ہوئی اور دونوں نے ایک دوسرے کو پسند کر لیا۔ شادی کے بعد جسٹن اکثر ایمی سے کہا کرتا کہ اسے اس کا نام بہت پسند ہے کیونکہ انتہائی بچپن میں وہ اسی نام کی ایک لڑکی کو بہت پسند کرتا تھا۔ ایمی اسے جواب دیتی کہ میں تمہاری بچپن والی ایمی نہیں ہوں لہٰذا میں اس کا نام بھی نہیں سننا چاہتی۔ آئندہ اس کا ذکر نہ کرنا۔ رپورٹ کیمطابق ایک روز جسٹن نے اپنی بیوی کو بچپن کا ایک واقعہ سنایا جس میں وہ زخمی ہو گیا تھا۔ جب جسٹن نے اپنے سکول ’’سن شائن پری کے‘‘ سکول کا نام لیا اور بتایا کہ وہ وہاں زخمی ہوا تھا تو ایمی کا ماتھا ٹھنکا۔ اس نے بتایا کہ وہ بھی بچپن میں اسی سکول میں پڑھتی رہی ہے۔ اس پر دونوں کو بچپن کے واقعات یاد آ گئے اور جسٹن پر یہ مسحور کن انکشاف ہوا کہ یہ وہی ایمی ہے جسے وہ سکول میں پسند کرتا تھا۔ جسٹن کی والدہ نے ان کے سکول کے دنوں کی ایک تصویر بھی نکال کر دونوں کو دکھا دی جس میں وہ دونوں ایک ساتھ بیٹھے کھیل رہے ہوتے ہیں۔ وہ دونوں ہی اس اتفاق پر حیران تھے کہ کس طرح 30 سال بعد وہ دوبارہ انٹرنیٹ پر ملے اور شادی کرکے ہمیشہ کیلئے ایک ہو گئے۔