زمین کو خطرہ بڑی پیشنگوئی

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع نومبر 30, 2016 | 19:38 شام

 

نیویارک (شفق ڈیسک) خلا میں بھٹکتی چٹانوں کے زمین سے ٹکرانے کا خدشہ کئی بار سامنے آچکا ہے لیکن شاید پہلی بار سینکڑوں میٹر پر محیط ایک چٹان کو زمین کی جانب بڑھتے دیکھ کر سائنسدانوں کو کہنا پڑ گیا کہ 20 سال بعد یہ زمین سے ٹکرا کر کرہ ارض کو تباہ و برباد کر سکتی ہے۔ اخبار ڈیلی سٹار کی رپورٹ کیمطابق یونیورسٹی آف کیلیفورنیا ان برکلے کے سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ اس چٹان کا قطر 300 میٹر ہے اور بدقسمتی سے یہ ایک ایسے مدار میں گردش کر رہی ہے کہ اسکی زمین سے ٹکر ہو سکتی ہے۔ سائنسدان ایلکس

فلپینکو کا کہنا تھا کہ یہ چٹان اتنی بڑی ہے کہ اگر کسی بڑے شہر سے آٹکرائی تو اسے ملیا میٹ کردے گی بلکہ اس کے اردگرد بھی سینکڑوں میلوں تک تباہی مچائے گی۔ ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر یہ چٹان اپنے موجودہ راستے پر گامزن رہی تو 2036ء میں یہ زمین پر تباہی برپا کر سکتی ہے۔ ناصرف اس کی ٹکر سے وسیع و عریض خطہ عرض براہ راست متاثر ہو گا بلکہ اس ٹکراؤ کی وجہ سے پید اہونیوالا گرد و غبار بھی ایک گہری چادر کی طرح زمین کے ماحول کو ڈھانپ لے گا۔ گرد و غبار کی دبیز چادر کی وجہ سے سورج کی روشنی کا زمین تک پہنچنا طویل عرصے کیلئے منقطع ہو سکتا ہے۔ جس کا نتیجہ درجہ حرارت میں غیر معمولی کمی اور نباتات و حیوانات کی موت کی صورت میں سامنے آسکتا ہے۔