کولکتہ ایئرپورٹ پر ودیا بالن کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کی کوشش کی گئی
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع مارچ 14, 2017 | 19:55 شام
کولکتہ(مانیٹرنگ ڈیسک): بالی ووڈ اداکارہ ودیا بالن نے کولکتہ ایئرپورٹ پر مداح کی جانب سے جنسی طور پر ہراساں کرنے کی کوشش کا اعتراف کیا ہے۔بالی ووڈ اداکارہ ودیا بالن اپنی نئی آنے والی فلم ’’بیگم جان‘‘ کی تشہیری مہم کے سلسلے میں پروڈیوسر مہیش بھٹ اور ہدایتکار سری جیت مکھرجی کے ہمراہ کولکتہ ایئرپورٹ پہنچیں جہاں ایک مداح نے اداکارہ کے ساتھ سیلفی لینے کی خواہش کا اظہار کیا جس پر اداکارہ نے خوش دلی سے آمادگی ظاہر کردی لیکن اس دوران مداح نے اداکارہ کی کمر کے گرداپنا بازو حائل کرنے کی کوشش کی جس نے انہیں چونکا دیا۔ودیا بالن نے مداح سے بازو ہٹانے کا کہا جس پر مداح نے ہاتھ ہٹانے سے انکارکردیا تاہم اداکارہ کے مینیجر کی مداخلت پرمداح نے کمر سے ہاتھ ہٹا دیا جب کہ کچھ ہی لمحوں بعد ایک بار پھر مداح نے ان کی کمر کے گرد بازو حائل کرنے کی کوشش کی جس پر اداکارہ سیخ پا ہوگئیں اور چلانا شروع کردیا۔ ودیا بالن کے چلانے کے باوجود مداح نے بھی ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک بار پھر سیلفی لینے کی فرمائش کرڈالی لیکن اس بار اداکارہ نے سیلفی لینے سے منع کردیا۔دوسری جانب اداکارہ ودیا بالن نے ٹی وی شو میں واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہم اداکارعوامی شخصیت ہیں نہ کہ عوام کی جائیداد ہیں۔واضح رہے کہ اداکارہ ودیا بالن اپنی نئی آنے والی فلم’’بیگم جان‘‘کی تشہیری مہم میں مصروف ہیں۔ اور مداحوں کے ساتھ مل جول ہوتا رہتا ہے لیکن اس طرح کے لوگ ایسے سمجھتے ہیں کہ اداکارہ ان کی جائیداد ہیں اور جیسا چاہیے ان کے ساتھ برتاو کیا جا سکتا ہے جبکہ یہ بلکہ غلط بات ہے۔