جسے اللہ رکھے اسے کون چکھے، 13 سالہ لڑکا 41 منٹ تک ڈوبا رہنے کے بعد زندہ نکل آیا

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع دسمبر 22, 2016 | 18:22 شام

 

ویانا(مانیٹرنگ ڈیسک)مسلسل دو منٹ تک پانی میںڈوبے رہنے کے بعد کسی کا زندہ بچ جانا محال ہے لیکن خدا کی قدرت دیکھیے کہ آسٹریا کا 13سالہ لڑکا 41منٹ تک جھیل کی تہہ میں ڈوبا رہا اور جب اسے اتنے وقت بعد ریسکیوورکرز نے باہر نکالا تو ڈاکٹروں نے یہ حیران کن انکشاف کر دیا کہ لڑکا اب بھی زندہ ہے۔ میل آن لائ

ن کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ آسٹریا کی ریاست برجنلینڈ میں پیش آیا ہے جہاں مورٹیزا نامی یہ لڑکا نیوفیلڈر نامی جھیل میں پیراکی کر رہا تھا کہ اس میں ڈوب گیا۔ وہاں موجود لوگوں نے غوطہ خوروں کو اطلاع دی لیکن انہیں وہاں آنے اور لڑکے کو نکالنے میں 41منٹ لگ گئے۔

رپورٹ کے مطابق جب لڑکے کو باہر نکال کر میڈیکل ٹیم کے حوالے کیا گیا تو انہوں نے معائنے کے بعد خوشخبری سنا دی کہ وہ زندہ ہے۔ اسے فوری طور پر ویانا لیجایا گیا جہاں ماہر ڈاکٹر اسے ہوش میں لانے میں کامیاب ہو گئے۔ اب کئی طرح کے علاج کروانے کے بعد مورٹیزا بالکل صحیح سلامت ہے اور نارمل زندگی گزار رہا ہے۔ویانا کے ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ”جھیل کا پانی انتہائی سرد تھا جس کی وجہ سے لڑکے کی جان بچ گئی۔ ٹھنڈے پانی کی وجہ سے وہ کومے میں چلا گیا، اس کے جسم میں آکسیجن کی کمی نہیں ہوئی، جس سے وہ بے ہوش تو ہو گیا لیکن اس میں زندگی کی رمق باقی رہی۔ میل آن لائن کا کہنا ہے کہ کئی عینی شاہدین اور ڈاکٹروں نے اس واقعے کی تصدیق کی ہے۔