ودیا بالن کی گاڑی شدید حادثے کا شکار

2017 ,ستمبر 29



ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک): بالی ووڈ اداکارہ ودیا بالن کی گاڑی کو حادثہ پیش آیا جس میں وہ بالکل محفوظ رہیں۔ تفصیلات کے مطابق بالی ووڈ انڈسٹری میں بے باک کرداری کی وجہ سے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے والی بالی ووڈ اداکارہ ودیا بالن آج کل اپنی نئی آنے والی فلم ’تمھاری سلو‘ کی پروموشن میں مصروف ہیں۔ودیا بالن فلم کی تشہیر کے سلسلے میں بھارتی شہر باندرے جارہی تھیں کہ راستے میں مخالف سمت سے آنے والی گاڑی نے اُن کی کار کو ٹکر ماری جس کے نتیجے میں گاڑی کو نقصان پہنچا۔بھارتی اداکارہ کے قریبی ذرائع نے میڈیا کو بتایا کہ حادثہ تین روز قبل پیش آیا جس میں ودیا بالکل محفوظ رہیں تاہم اُن کی کار کا اگلا حصہ اور شیشہ بری طرح سے متاثر ہوا، تین روز آرام کرنے کے بعد اداکارہ نے اپنی مصروفیات شروع کردی ہیں جبکہ فلم کی ٹیم نے بھی اداکارہ کی خیریت کی تصدیق کی ہے۔

ودیا بالن نے کارحادثے سے متعلق کوئی بیان جاری نہیں کیا تاہم انہوں نے ایک روز قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر اپنی حالیہ تصویر شیئر کی جس کے ساتھ لکھا کہ ’شیشہ، شیشہ میری دیوار پر‘۔بھارتی اداکارہ کے اس ٹوئٹ کی وجہ سے شوبز حلقوں میں کارحادثے کی خبریں زیر گردش ہیں۔واضح رہے کہ بھارتی اداکارہ ودیا بالن اب تک کئی بھارتی فلموں میں بے باک کردار ادا کرچکی ہیں اُن کی حالیہ فلم ’بیگم جان‘ نشر ہوئی تھی جو باکس آفس پر اچھا کاروبار کرنے میں ناکام رہی ہے۔یاد رہے کہ ودیا بالن نے اب تک کئی بھارتی فلموں میں کردار ادا کیا ہے اور اُن کے بارے میں مشہور ہے کہ وہ اپنے کردار کو بخوبی نبھانے کی صلاحیت بھی رکھتی ہیں۔

متعلقہ خبریں