2019 ,اکتوبر 1
لاہور (شفق رپورٹ) دجال یا مسیح دجال مسلمانوں کے نزدیک اس شخص کا لقب ہے جو قیامت کی بڑی علامتوں میں سے ایک اور قرب قیامت یعنی آخری زمانہ میں ظاہر ہوگا۔ بعض روایتوں میں محض لفظ 'دَجَّال' بیان ہوا ہے، جس کے معنی بڑے دغاباز،فریبی اور مکار کے ہیں اور بعض روایات میں اِس کا ذکر 'المَسِيْحُ الدَّجَّال' کے نام سے بھی ہوا ہے، اِس کے معنی یہ ہیں کہ قیامت سے پہلے کوئی شخص مسیح ہونے کا جھوٹا دعوی کرے گا اور مسلمانوں، یہودیوں اور عیسائیوں کے اندر سیدنا مسیح کی آمد کے تصور سے فائدہ اُٹھا کر اپنے بعض کمالات سے لوگوں کو فریب دے گا۔ مسیح دجال کا خروج مشرق کی جانب سے ہوگا ، وہ نکلنے کے بعد زمین میں ہر ایک شہر اوربستی میں جاۓ گا لیکن وہ مکہ اور مدینہ اور مسجد اقصی اور مسجد طور میں داخل نہیں ہو سکتا۔
دجال قوم یہود سے ہوگا ہر نبی نے اس کے فتنہ سے اپنی اپنی (قوموں) امتوں کو ڈرایا ہے مگر حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہِ وسلم نے اس کے فتنہ کو انتہائی وضاحت سے بیان فرمانے کے ساتھ ساتھ بہت سی نشانیاں اور اس سے بچاؤ کے طریقے اپنی امت کو سمجھا دیے ہیں۔ احادیث نبویہ میں "دجال" کا کوئی اصلی نام نہیں آیا، اسلامی اصطلاح میں اس کا لقب "دجال" ہے اور یہ لفظ اس کی پہچان اور علامت بن گیا ہے۔ اس کا فتنہ بہت سخت ہوگا چنانچہ رسول پاک ؐ نے فرمایا! آدم کی تخلیق سے لے کر قیامت قائم ہونے تک کوئی بھی فتنہ دجال کے فتنہ سے بڑھ کر نہیں ہے۔
وہ شام اور عراق کے درمیان ایک راستہ پر نمودار ہوگا۔ تاہم احادیث کی روشنی میں کسی خاص جگہ کو دجال کے ظہور کے لیے مختص نہیں کیا گیا، جیسے ماہ رمضان کی شب قدر کی رات کا خاص تعین نہیں کیا گیا، دجال قیامت کے قریب حضرت عیسی علی نبینا وعلیہ الصلاة والسلام کے نزول سے کچھ پہلے آئے گا، دجال اپنے آپ کو سب سے پہلے نبی کہے گا، پھر خدائی کا دعویٰ کریگا۔ اپنے پیدا کردہ زبردست شکوک و شبہات میں انسانیت کو پھانستا چلا جائے گا۔ اپنے آپکو دجال نہیں بلکہ خدا کہے گا ۔ بعض روایتوں میں ہے کہ یہ ایک آنکھ سے اندھا ہوگا اور ایمان والوں کے لیے اِس کا مکر و فریب اِس قدر واضح ہوگا کہ اِس کی پیشانی پر گویا کفر لکھا ہوا دیکھیں گے۔
اپنی امت کو نبی آخرزماںؐ نے فتنہ دجال سے بچنے کی احتیاطی تدابیر سکھلائی ہیں۔
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریمؐ نے فرمایا:
” فتنوں کے درمیان سب سے زیادہ خوش نصیب وہ ہوگا جو چھپا رہے اور پاک و صاف رہے۔ اگر سامنے آئے تو کوئی اسے پہچان نہ سکے اور اگر سامنے نہ ہوتو کوئی اس کا حال احوال نہ پوچھے۔ اور لوگوں میں سب زیادہ بدنصیب وہ خطیب ہوگا جو بلند آواز سے فصیح و بلیغ خطبہ دے گا۔ اور وہ سوار ہوگا جو سواری کو تیز دوڑنے پر مجبور کرے گا۔ ان فتنوں کے شر سے وہی نجات پائے گا جو سمندر میں ڈوبنے والے کی طرح خلوص سے دعا مانگے گا۔ “
حضرت ابوسعید خدری کی روایت ہے:
” ایک وقت آئے گا مسلمان کا بہترین مال وہ بھیڑ بکریاں ہوں گی جن کو لے کر وہ پہاڑ کی چوٹی اور بارش کے مقامات پر چلا جائے گا تاکہ وہ اپنے دین کو لے کر فتنوں سے بھاگ جائے۔ “
اس حدیث کی تشریح کرتے ہوئے علامہ ابن حجر نے اپنی مشہور تصنیف "فتح الباری" میں لکھا ہے:
” سلف الصالحین میں اس بارے میں اختلاف پایا جاتا ہے کہ فتنوں کے زمانے میں صاحب ایمان آدمی عام لوگوں سے کنارہ کش ہوکر علیحدگی اختیار کرے یا نہ؟ بعض حضرات ایمان بچانے کیلئے گوشہ نشینی یا پہاڑوں میں نکل جانے کی اجازت دیتے ہیں اور بعض فرماتے ہیں کہ شہروں میں رہ کر فتنوں کے خلاف ڈٹ جانا چاہیے۔۔۔۔ لیکن یہ اختلاف اس صورت میں ہے جب فتنہ عام نہ ہو، لیکن اگر فتنہ عام ہوجائے تو پھر فتنہ زدہ لوگوں سے علیحدگی اور تنہائی کو ترجیح دی گئی ہے۔ “
حضرت عبد اللہ بن عمرو رضی اللہ عنہ کی روایت ہے کہ اللہ کے رسولؐ نے فرمایا:
” "اے عبداللہ بن عمرو! اگر تو ادنیٰ درجہ کے لوگوں کے درمیان رہ گیا تو پھر کیا کرے گا؟۔۔۔۔ یہ وہ لوگ ہوں گے جنہوں نے اپنے عہدو پیمان اور امانتوں کو ضائع کردیا، پھر وہ ایسے ہوگئے۔" اور آپؐ نے ہاتھوں سے اشارہ کرتے ہوئے اپنی انگلیوں کو آپس میں پیوست کرلیا۔ انہوں نے پوچھا: "ایسے وقت میرے لیے کیا حکم ہے؟" آپؐ نے فرمایا: ۔۔۔۔ "عام لوگوں کو چھوڑ کر خاص لوگوں کے ساتھ مل جانا" “
:درج بالا احادیث کی روشنی میں یہ باتیں معلوم ہوتی ہیں کہ
اللہ پر توکل کرکے پورے عزم اور حوصلے کے ساتھ دجال کی علانیہ بغاوت کی جائے۔
فتنوں کے وقت گوشہ نشنی (یعنی تنہائی) کو ترجیح دی جائے۔
اللہ والوں کے زیادہ قریب ہوجائے۔ تاکہ فتنوں سے محفوظ ہو۔