2017 ,مئی 7
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) بینک بھاری رقوم والے گاہکوں کی نازبرداری تو کرتے ہیں لیکن برطانیہ میں ایک عرب بینک نے امیر گاہک کی خاطر اپنی ملازمہ کو ایسے شرمناک کام پر مجبور کر دیاکہ بے شرمی کا نیا ریکارڈ قائم کر ڈالا۔ میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق ایک ارب پتی عربی شیخ نے لندن کے علاقے نائٹس برج میں واقع ابوظہبی اسلامک بینک میں اڑھائی کروڑ پاﺅنڈ (تقریباً 33ارب 80کروڑ روپے) کی سرمایہ کاری کی۔ وہ بینک میں آیا تو بینک کی 36سالہ شادی شدہ ملازمہ سوئمیا گیرارڈ پر اس کی نظرپڑ گئی اور اس پر فریفتہ ہو گیا۔ اس نے سوئمیا سے اس کا موبائل فون لیا اور اس کا نمبر اپنے پاس محفوظ کر لیا۔ پھر اس نے سوئمیا کے باس سے فرمائش کر ڈالی کہ اس لڑکی کو اس کے پاس بھیجا جائے۔رپورٹ کے مطابق سوئمیا کے باس نے بھی بے شرمی کی تمام حدیں پار کرتے ہوئے اسے عربی شیخ کے پاس جانے کا حکم دے دیا اور دھمکی دی کہ اگر وہ نہ گئی تو اسے نوکری سے نکال دیا جائے گا۔ سوئمیا بینک میں ریلیشن شپ منیجر کے طور پر کام کرتی تھی۔ اس نے بینک کے خلاف سنٹرل لندن ایمپلائمنٹ ٹربیونل میں مقدمہ درج کروا رکھا ہے۔ سوئمیا کا کہنا تھا کہ ”اس امیر گاہک نے میرا موبائل نمبر لے لیا اور پھر مجھے دھڑا دھڑ رومانوی گیت بھیجنے لگا۔ وہ مجھے ’گلاب کا پھول‘ کہہ کر مخاطب کرتا تھا۔ اس نے مجھے کئی پیغامات بھیجے جن کی وجہ سے میری ازدواجی زندگی اجیرن ہو گئی۔ وہ پیغامات میرے شوہر نے دیکھ لیے تھے اور پوچھا تھا کہ یہ کون ہے۔ چنانچہ میں نے ان میں سے کچھ ڈیلیٹ کر دیئے۔میں یہ سب اس لیے برداشت کرتی رہی کہ میرے باس نے مجھے اس کے پاس ہوٹل میں جانے کو کہا اور میرے انکار پر نوکری سے نکال دینے کی دھمکی دی تھی۔ میں نے اپنی ایک کولیگ مسز شکری حسن کو یہ سارا معاملہ بتایا تو اس نے کہا کہ ہمارا باس تمہاری دلالی کر رہا ہے۔ اس نے بھی مجھے محتاط رہنے کا مشورہ دیا۔“ ٹربیونل میں بینک کی طرف سے سوئمیا کے الزامات کی تردید کر دی گئی ہے۔ مقدمے کی سماعت جاری ہے۔