بیوی نے تنگ آکر اپنے شوہر کے خواب انٹرنیٹ پر نیلامی پر لگادئیے

2018 ,دسمبر 1



نیویارک(مانیٹرنگ رپورٹ) میاں بیوی کا بسااوقات ایک دوسرے کی کسی عادت سے تنگ آ جانا اگرچہ معمولی بات ہے لیکن امریکہ میں ایسی ہی ایک شوہر کے شوق سے تنگ آئی خاتون نے اس کے خواب ہی انٹرنیٹ پر نیلامی کے لیے پیش کر دیئے ہیں۔ دی مرر کے مطابق اس خاتون کے شوہر نے بہت بڑی تعداد میں ڈبے اکٹھے کر رکھے تھے اور اس کا خواب تھا کہ میں جام تیار کرکے ان ڈبوں میں پیک کروں گی لیکن اس خاتون نے تنگ آ کر اس کا یہ خواب چکناچور کرتے ہوئے یہ ڈبے خریدوفروخت کی ویب سائٹ ’ٹریڈ می‘ پر فروخت کے لیے پیش کر دیئے۔

 

    خاتون نے ڈبوں کی فروخت کے اشتہار میں لکھا ہے کہ گزشتہ ہفتے میں نے اپنے شوہر کو بتا دیا تھا کہ میں اس کے اس خواب کو حقیقت بنانے میں اس کا ساتھ نہیں دے سکتی۔ میں جام تیار کرکے اتنے سارے ڈبے نہیں بھر سکتی اور اس کی ہمیں ضرورت بھی نہیں اور اگر ہم ایک ایک کرکے ان ڈبوں کو استعمال کریں تو اس میں سالوں لگ جائیں گے اور میرے شوہر نے ان سو سے زائد ڈبوں سے گھر کا جو تہہ خانہ بھر رکھا ہے وہ کبھی خالی نہیں ہو گا۔ چنانچہ میں اب ان ڈبوں کو فروخت کرنا چاہتی ہوں۔

    اس اشتہار پر انٹرنیٹ صارفین دو گروپوں میں تقسیم ہو گئے ہیں۔ ایک خاتون کی حمایت کر رہا ہے تو دوسرا اس کے شوہر کی امید ٹوٹنے پر اس کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کر رہا ہے۔ ایک شخص نے لکھا کہ ”مجھے اس شخص پر بہت ترس آ رہا ہے۔“ جبکہ ایک خاتون نے لکھا کہ ”لوگوں کو اس خاتون کی تکلیف محسوس کرنی چاہیے جسے گھر میں اتنے سارے ڈبے سنبھالنے پڑ رہے ہیں۔“

    متعلقہ خبریں