یاسر شاہ جسمانی تکلیف کے باعث سہ روزہ میچ سے باہر

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع دسمبر 06, 2016 | 18:24 شام

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے لیگ سپنر یاسر شاہ کمر کی تکلیف میں مبتلا ہونے کے سبب دورۂ آسٹریلیا کا پہلا میچ نہیں کھیل سکیں گے۔پاکستانی کرکٹ ٹیم اپنے دورے کا آغاز جمعرات کو کینز میں کرکٹ آسٹریلیا الیون کے خلاف سہ روزہ ڈے نائٹ میچ سے کررہی ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق یاسر شاہ منگل کے روز ٹیم کی پریکٹس کے دوران کمر کی تکلیف میں مبتلا ہوگئے۔ انھیں ڈاکٹروں نے دو روز آرام کی ہدایت کی ہے جس کے سبب وہ سہ روزہ میچ نہیں کھیل سکیں گے۔واضح رہے کہ یاسر شاہ پاکستانی بولنگ اٹیک میں ایک فتح گر بولر کے طور پر پہچا

نے جاتے ہیں۔ اپنے بین الاقوامی کریئر کے آغاز سے اب تک وہ فٹنس کی وجہ سے صرف ایک ٹیسٹ میچ نہیں کھیل پائے ہیں جو گذشتہ سال انگلینڈ کے خلاف ابوظہبی میں کھیلا گیا تھا۔ اس وقت بھی وہ کمر کی تکلیف میں مبتلا ہوگئے تھے۔یاسر شاہ بیس ٹیسٹ میچوں میں 116 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔نیوزی لینڈ کے دورے میں وہ کرائسٹ چرچ میں کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ ہی کھیل پائے تھے جس میں انھیں کوئی وکٹ نہیں ملی تھی یہ ان کے کریئر میں پہلا موقع تھا کہ وہ کسی ٹیسٹ میں وکٹ سے محروم رہے۔یاسر شاہ کو ہیملٹن میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میں شامل نہیں کیا گیا تھا تاہم کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں یاسر شاہ کا کردار بہت اہم ہوگا۔پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ پندرہ دسمبر سے برسبین میں کھیلا جائے گا۔