آصف زرداری دبئی روانہ‘ بلاول کا ناراض کارکنوں کو منانے کا فیصلہ

2017 ,مئی 29



لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک): سندھ میں جس طرح تحریک انصاف والے پی پی کے قلعے میں شگاف ڈالنے میں مصروف ہیں۔ اس شب خوں کو روکنے میں لگتا ہے زرداری صاحب ناکام ہونے لگے ہیں۔ کچھ باہمی رقابتیں کچھ ظاہری شرارتیں انہیں بہت پریشان کر رہی ہیں۔ خود وہ کہہ بھی گئے ہیں کہ جن کو میں نے آسمان پر پہنچایا وہ ہی میرے خلاف ہو رہے ہیں۔ اس کا مطلب تو یہی ہے کہ اندرون خانہ کھچڑی پک رہی ہے۔ اس لئے اب وہ کسی کو معاف کرنے کے موڈ میں نہیں ہیں اور دھڑے بندیوں میں ملوث افراد سے تنگ آ کر دبئی روانہ ہو گئے جہاں سے وہ لندن اور امریکہ گرمیوں کی چھٹیاں گزاریں گے تاکہ ٹھنڈے موسم میں ٹھنڈے دل سے کوئی فیصلہ کر سکیں۔ ان کی غیر موجودگی کو غنیمت جانتے ہوئے بلاول صاحب نے ناراض عہدیداروں کو منانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ مگر وہ شاید بھول رہے ہیں پھوپھو فریال تالپور کی موجودگی میں وہ شاید ایسا نہ کر سکیں گے کیوں کہ بھلا زرداری صاحب موجود نہیں مگر وہ اپنی نیابت انہیں سونپ گئے ہیں جو گھر سے لے کر پارٹی میٹنگ تک میں زرداری جی کی آنکھ اور کان بنی ہوتی ہیں۔ دیکھتے ہیں ان کی موجودگی میں بلاول زرداری کس طرح اپنی مرضی سے ناراض رہنماوں کو مناتے ہیں۔ پریشانی تو بلاول جی کی بھی بجا ہے کیونکہ اطلاعات ہیں کہ تحریک انصاف والے لاڑکانہ میں جلسہ کر رہے ہیں جس میں پیپلز پارٹی کے کئی اہم رہنما تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کر سکتے ہیں اب اس جلسے اور اعلان کو روکنے کے لئے بلاول زرداری سرگرم ہونا چاہتے ہیں کیونکہ اگر دیر ہو گئی تو پھر شگاف پُر نہیں ہوتا کیونکہ اس میں سے لوگ خود بخود اینٹیں نکالنا شروع کر دیتے ہیں....

متعلقہ خبریں