سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی 38ویں برسی آج منائی جارہی ہے

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع اپریل 04, 2017 | 08:09 صبح

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک): سابق وزیراعظم بھٹو کی برسی آج منائی جارہی ہے۔ سکیورٹی ہائی الرٹ، گڑھی خدا بخش میں بلاول اور زرداری جلسے سے خطاب کریں گے۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے بانی اور پاکستان کو پہلا جمہوری آئین عطا کرنے والے سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی 38ویں برسی آج پورے ملک میں منائی جارہی ہے۔ اس موقع پر ہر سال کی طرح پیپلزپارٹی گڑھی خدا بخش میں ان کے مزار پر جلسہ کر رہی ہے جس میں ملک بھر سے ہزاروں کارکن شریک ہو کر اپنے رہنما سے عقیدت کا اظہار کریں گے۔ بطور سیاستدان اور حکمران ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستانی عوام اور خاص طور پر کچلے ہوئے غریب طبقات جن میں ہاری، مزدور اور کسان شامل ہیں کو اپنی سیاست کا محور بنایا اور ان کے دلوں کی آواز بن گئے۔ بطور وزیراعظم انہوں نے ملک کو پہلا آئین دیا۔ قادیانیوں کو اقلیت قرار دیا۔ جاگیرداری کے خاتمے کیلئے اصلاحات کیں۔ اسلامی ممالک کے اتحاد کے لئے کام کیا۔ مغربی اور سوشلسٹ ممالک سے تعلقات بہتر بنا کر ملک کا امیج بلند کیا۔ سب سے بڑھ کر انہوں نے پاکستان کے ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھ کر ایسا عظیم کارنامہ انجام دیا جو پاکستانی قوم کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔ مگر افسوس ایک آمر نے ملک کے منتخب وزیراعظم کو قتل کے جھوٹے مقدمے میں ملوث کر کے آج سے 38برس قبل 1979ء میں انہیںتختہ دار پر چڑھوا دیا۔ آج بھی اگر پیپلزپارٹی حقیقی معنوں میں بھٹو کی پارٹی بننا چاہتی ہے تو اسے اپنے بانی کی تعلیمات اور پروگرام پر عمل کرنا ہو گا۔ غریبوں کی آواز بننا ہو گا۔ کرپٹ اور بدنام لوگوں سے نجات حاصل کرنا ہو گی۔ مزدوروں،کسانوں، عورتوں اور نوجوانوں کے لئے وہ انقلابی راہِ عمل دینا ہو گی جو بھٹو نے دی تھی اور سوچنا ہو گا کہ یہ قومی پارٹی صرف ایک صوبے تک کیوں محدود ہو کر رہ گئی ہے۔