انگلینڈ نے ہندوستان کے خلاف 537 رنز کا بڑا مجموعہ بنا لیا

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع نومبر 10, 2016 | 17:48 شام

 

راج کوٹ(مانیٹرنگ ڈیسک): انگلینڈ نے ہندوستان کے خلاف جو روٹ، معین علی اور بین اسٹوکس کی سنچریوں کی بدولت پہلے ٹیسٹ میچ میں 537 رنز کا بڑا مجموعہ بنا لیا ہے جس کے جواب میں ہندوستانی اوپنرز نے پراعتماد انداز میں اننگز شروع کرتے ہوئے بغیر کسی نقصان کے 63 رنز بنا لیے ہیں۔راج کوٹ میں کھیلے جا رہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کھیل شروع ہوا تو 99 رنز پر کھیلنے والے معین علی نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی چوتھی سنچری اسکور کی۔معین نے بین اسٹوکس کے ساتھ پانچویں وکٹ کیلئے 62 رنز جوڑے اور 1

17 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے کے بعد محمد شامی کی وکٹ بنے۔نئے بلے باز جونی بیئراسٹو نے استوکس کے ساتھ مل کر جارحانہ انداز اپنایا اور دونوں کھلاڑیوں نے تقریباً 20 اوورز میں 99 رنز کی ساجھے داری قائم کر کے اپنی ٹیم کے مجموعے کو مضبوط مقام تک پہنچا دیا۔بیئراسٹو کی 46 رنز کی اننگز کا خاتمہ بھی محمد شامی نے کیا جبکہ کرس ووکس اور عادل راشد بھی بڑا اسکور کیے بغیر ہی پویلین لوٹے۔ دوسرے اینڈ پر موجود بین اسٹوکس نے اپنی سنچری مکمل کی اور انگلینڈ کا مجموعہ 500 رنز تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔انہوں نے ظفر انصاری کے ساتھ نویں وکٹ کیلئے 52 رنز کی شراکت قائم کی اور 13 چوکوں اور دو چھکوں سے مزین 128 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد پویلین لوٹے۔امیت مشرا نے 32 رنز بنانے والے ظفر کو آؤٹ کر کے 537 رنز پر انگلش اننگز کا خاتمہ کردیا۔ہندوستان کی جانب سے رویندرا جدیجا تین وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ محمد شامی، امیش یادو اور روی چندرہ ایشون نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔عالمی نمبر ایک ٹیسٹ باؤلر ایشون کو دو وکٹوں کیلئے 167 رنز کی پٹائی برداشت کرنا پڑی۔

537 رنز کے بڑے اسکور کے جواب میں ہندوستانی اوپنرز نے پراعتماد انداز میں اننگز کا آغاز کیا اور دوسرے دن کے اختتام تک مزید کوئی وکٹ نہ گرنے دی۔جب دوسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو بھارت نے بغیر کسی نقصان کے 63 رنز بنا لیے تھے جبکہ اسے انگلینڈ کا پہلی اننگز کا اسکور برابر کرنے کیلئے مزید 474 رنز درکار ہیں۔