بھارت نے کبھی ہمارے فنکاروں کو دل سے تسلیم نہیں کیا:مصطفی قریشی
کراچی(پاکستان): پاکستانی اداکار مصطفی قریشی نے کہاہے کہ جو فنکار بھارتی فلموں میں کام کررہے تھے انھیں اس بات پر افسوس نہیں کرنا چاہیے کہ اب انھیں بالی ووڈ میں کام کرنے کا موقع نہیں ملے گا بلکہ اس بات پر خوش ہونا چاہیے۔تفصیلات کے مطابق بھارتی ہندو انتہاء پسندوں کی جانب سے پاکستانی فنکاروں کو دھمکیوں اور فلموں میں کام نہ دینے کے معاملے پر معروف پاکستانی اداکار نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستانی فنکاروں پر عائد پابندی کے بعد اداکاروں کو پاکستانی فلموں میں کام کرنے کے بھرپور مواقع ملیں گے۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے کبھی ہمارے فنکاروں کو دل سے تسلیم نہیں کیا بلکہ وہاں کے لوگوں نے ہمارے اداکاروں کو ذاتی مفادات کی بھینٹ چڑھا کر صرف استعمال کیا اور فلموں میں کاسٹ کیا۔مصطفیٰ قریشی کا کہنا تھا کہ غیر ملکی فلموں میں کام کرنے والے فنکاروں کو چاہیے کہ وہ پوری توجہ کے ساتھ اپنے ملک میں بنائی جانے والی فلموں میں کام کریں اور ہمارے ڈائریکٹرز و پروڈیوسرز کو بھی چاہیے کہ وہ ایسے فنکاروں کی صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔معروف اداکار کا کہنا تھا کہ پاکستانی فلموں میں کام کرنے والے اداکاروں کو بھی شہرت اور عزت حاصل ہوئی ہے، ایسے فنکار فخر سے رہتے ہیں جنہیں مصنوعی نہیں بلکہ اپنے ملک میں حقیقی عزت سے نوازا جاتا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ اب وقت ہے کہ بھارت جاکر کام کرنے والے فنکاروں کو مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ پاکستانی فلم انڈسٹری میں بھی تبدیلی آسکے۔