خواتین میں کینسر کا بڑھتا مرض
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع نومبر 02, 2016 | 19:24 شام
پیرس(مانیٹرنگ ڈیسک): امریکی کینسر سوسائٹی میں عالمی صحت کی سینئر نائب صدر سیلی کوال نے کہا ہے کہ کینسر کی بیماری دنیا بھر میں بہت تیزی کے ساتھ پھیل رہی ہے اور 2030 تک اس سے سالانہ 55 لاکھ خواتین ہلاک ہوسکتی ہیں۔ کینسر کے عالمی دن کے موقع پر ورلڈ کانگریس میں ایک رپورٹ پیش کی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ عالمی آباد ی میں اضافے کے ساتھ ساتھ کینسر کے مرض میں بھی تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور اس سے سب سے زیادہ خواتین متاثر ہورہی ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2030 تک کینسر سے سالانہ 55 لاکھ خواتین کے ہلاک ہونے کا خدشہ ہے کیونکہ گزشتہ 15 سالوں میں اس مرض کی شرح میں 60 فیصد اضافہ ہوا ہے۔کینسر پر ریسرچ کی بین الاقوامی ایجنسی کے مطابق 2012 میں دنیا بھر میں کینسر کے 67 لاکھ کیسز سامنے آئے, جبکہ 35 لاکھ خواتین اس مرض کے باعث چل بسیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کینسر کا شکار ہونے والی خواتین کی بڑی تعداد غریب اور درمیانے درجے کے ممالک سے تعلق رکھتی ہیں۔ اس کے برعکس امیر ممالک میں اس بیماری کے پھیلنے کی شرح قدرے کم ہے۔عالمی سطح پر خواتین کے سرطان کے نام سے جاری ہونے والی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ دنیا بھر میں ہرسات میں سے 1 خاتون کینسر کا شکار ہوکر جان کی بازی ہاررہی ہے۔ جو دل کی بیماریوں کے بعد خواتین کی موت کی بڑی وجہ ہے۔واضح رہے کہ سرطان کی مختلف اقسام ہے جن میں پھیپھڑوں، بڑی آنت، چھاتی وغیرہ شامل ہیں، یہ بیماری جان لیوا ہے تاہم اس کی روک تھام ابتدائی مراحل میں ممکن ہے۔