جیسن ہولڈرکی بولنگ پاکستانی ٹیم پر بھاری

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع نومبر 01, 2016 | 17:33 شام

شارجہ(مانیٹرنگ ڈیسک): میں کھیلے جارہے پاک ویسٹ انڈیزسیریزکے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز پاکستان ٹیم دبائو میں آگئی ہے جواپنی دوسری اننگزمیں 56رنزکاخسارہ پوراکرنے سے قبل ہی چار اہم وکٹوں سے محروم ہوگئی ۔بعدازاں اظہرعلی اور سرفرازاحمد کی ذمہ دارنہ بیٹنگ کی بدولت بقیہ19 اوورز میں مزیدکوئی وکٹ نہ گری۔ویسٹ انڈیزنے آج تیسرے دن کے کھیل میں اپنی نامکمل اننگزکا 244/6سے آغاز کیا تو بیٹ کیری کا اعزاز حاصل کرنے والے ویسٹ انڈین اوپنربریتھویٹ کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت وہ آج اپنے اسکورمیں 93رنزکا اضافہ کرنے میں کامیاب ہوگئی جس کی بدولت اُس نے 337رنزبناکر56رنزکی برتری بھی حاصل کرلی۔56رنزکے خسارے کے بعد پاکستان ٹیم نے اپنی دوسری اننگزکا آغاز کیا تو 15ویں اوورکی پہلی ہی گیندپر جیسن ہولڈرنے پہلی اننگزمیں74رنزکی اننگزکھیلنے والے سمیع اسلم کو پویلین واپس بھیج دیاجبکہ ہولڈرنے اُن کی جگہ آنے والے نئے بیٹسمین اسدشفیق کو بھی محض آٹھ گیندیں کھیلنے کا موقع دیا جس کے بعد وہ مسلسل دوسری اننگزمیں صفرکی خفت سہتے ہوئے پویلین واپس لوٹ گئے۔دبائومیں آنے والی پاکستان ٹیم کو محض چاررنزکے فرق سے تیسری وکٹ بھی کھونا پڑی جب حریف کپتان جیسن ہولڈر نے یونس خان کو بھی صفرکا تحفہ تھماکر پویلین واپس بھیج دیا۔اس موقع پر مصباح الحق اور سرفرازاحمد نے 9رنزکا اضافہ کیا مگر روسٹن چیس نے 48کے مجموعی اسکورپر مصباح الحق کو بھی پویلین واپس بھیج کر پاکستان کی چوتھی وکٹ بھی گرادی۔بعدازاں مختصر فارمیٹس کے کپتانوں اظہرعلی اور سرفرازاحمد نے مل کر آخری17اوورزمیں مزید کوئی وکٹ نہ گرنے دی اور اس دوران 39رنزکا اضافہ کرکے پاکستان کو 4/87کا مجموعہ دلانے سمیت 31رنزکی برتری بھی دلادی۔تیسرے دن کے کھیل کے اختتام تک اظہرعلی45اور سرفرازاحمد 19رنزپر کھیل رہے تھے۔