اظہر محمود کو قومی ٹیم کا باؤلنگ کوچ مقررکر دیا گیا

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع نومبر 01, 2016 | 17:51 شام

اظہرمحمود رواں سال ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کے باؤلنگ کوچ رہ چکے ہیں— اے ایف پیپاکستان کرکٹ بورڈ نے نیوزی لینڈ کے خلاف 17 نومبر سے شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریزکے پیش نظر سابق آل راؤنڈر اظہرعلی کو قومی ٹیم کا باؤلنگ کوچ مقرر کردیا۔پاکستان کی جانب سے 21 ٹیسٹ اور 141 ایک روزہ میچ کھیلنے والے اظہرمحمود اس سے قبل ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2016 میں پاکستان ٹیم کے باؤلنگ کوچ کی حیثیت سے فرائض انجام دے چکے ہیں۔اظہر محمود نے حال ہی میں انگلینڈ کے خلاف ایک روزہ

سیریز میں بھی ٹیم کی معاونت کی تھی۔اے پی پی کے مطابق پی سی بی اہلکار نے پہلے ہی آگاہ کیا تھا کہ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے باؤلنگ کوچ کے لیے چندغیرملکیوں کے نام دیے تھے لیکن ان کے ساتھ مالی معاملات اور دستیابی کے حوالے سے مذاکرات کامیاب نہ ہوسکے۔ان کا کہنا تھا کہ پی سی بی نے قومی ٹیم کے ساتھ کام کرنے کے تجربے کو مدنظر رکھتے ہوئے اظہر محمود کو اس عہدے کے لیے چن لیا۔انھوں نے کہا کہ 'اظہر محمود کا پہلا کام نیوزی لینڈ کے خلاف 17 نومبر سے شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز ہوگی'۔پی سی بی اہلکار کا کہنا تھا کہ اظہر محمود کو ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز سے قبل ٹیم کی ذمہ داریاں دی جانی تھی لیکن معاہدے کو حتمی شکل دینے میں کچھ وقت لگا اور اب انھیں عہدے کے لیے نامزد کردیا گیا ہے۔ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ اس عہدے کے لیے اظہر کے سوا کسی اور مقامی یا بین الاقوامی کوچ سے رابطہ نہیں کیا گیا۔پاکستان ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف دو ٹیسٹ میچ کھیلے گی جس کا آغاز 17 نومبر کو کرائسٹ چرچ میں ہوگا جبکہ دوسرا ٹیسٹ ہملٹن میں 25 نومبر سے کھیلا جائے گا۔