کروڑوں ڈالر کا مکان صرف ڈھائی ڈالر میں فروخت کیلیے پیش

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع اپریل 15, 2017 | 19:29 شام

لندن(مانیٹرنگ)برطانیہ میں ایک شخص نے اپنے عالیشان مکان کے مناسب پیسے نہ ملنے پر اسے ایک دلچسپ انداز میں فروخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

لنکاشائر کے رہائشی اس مالک مکان نے مکان کو فروخت کرنے کے لیے مکان کے لاکھوں ٹکٹ چھپوائے ہیں اور ہر ٹکٹ کی قیمت ڈھائی ڈالر (250 روپے) رکھی ہے، مالک مکان نے 5 لاکھ ریفل ٹکٹ چھاپے ہیں اور امید ہے کہ وہ اس سال اگست تک فروخت ہوجائیں گے۔ انہوں نے 2011 میں یہ مکان 544,000 ڈالر میں خریدا تھا جو پاکستانی روپوں میں ساڑھے

پانچ کروڑ کے برابر ہے تاہم وہ مکان کے قرض اور قسطوں میں پھنس گئے۔

اس گھر میں 6 بیڈروم، ایک باورچی خانہ، ایک سینما روم، بال روم اور 6 کاروں کی پارکنگ موجود ہے جس کی قیمت پہلے انہوں نے 10 لاکھ ڈالر لگائی جس میں کسی نے دلچسپی نہ لی۔ اس کے بعد انہوں نے کئی مرتبہ اسے فروخت کرنے کی کوشش کی اور 2 لاکھ ڈالر کی رقم بھی کم کردی تاہم اس بار بھی کسی نے اس مکان میں دلچسپی نہیں لی تو آخر کار انہوں نے اسے بیچنے کا ایک نیا طریقہ دریافت کیا۔

 

مالک مکان نے گھر کی فروخت کے لیے آن لائن ٹکٹ کی فروخت شروع کردی ہے اور اس طرح سے وہ پر امید ہیں کہ یکم اگست  2017 کی قرعہ اندازی سے قبل ان کے 5 لاکھ ٹکٹ فروخت ہوجائیں گے جن میں سے جس کے نام یہ گھر نکلے گا وہ اسے سونپ دیں گے۔ اس سال فروری تک وہ پہلے ہی ڈیڑھ لاکھ ٹکٹ بیچ چکے ہیں تاہم انہیں ذرائع ابلاغ نے غیرمعمولی طور پر اہمیت دی ہے جس سے ان کے ٹکٹوں کی فروخت اور بڑھ رہی ہے۔

مالک مکان پرامید ہے کہ وہ 5 لاکھ ٹکٹ فروخت کرکے اپنی مطلوبہ رقم حاصل کرپائیں گے اور اس طرح گھر کی قیمت بھی وصول ہوجائے گی اور گھر بھی فروخت ہوجائے گا۔