کینسر کے مرض میں مبتلا تنویر خان ہسپتال داخل

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع اکتوبر 31, 2016 | 17:20 شام

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک): تھیٹر ، فلم اور ٹی وی کے مقبول ترین سینئر کامیڈین تنویر خان کینسر کے موذی مرض میں مبتلا ہوگئے ۔ وہ مقامی ہسپتال میں زیرعلاج ہیں جہاں اداکار کاشف خان ان کی دیکھ بھال کر رہے ہیں ۔ ان کا کہنا ہے کہ تنویر خان کے علاج کیلئے کثیر رقم کی ضرورت ہے جو ان کیلئے ممکن نہیں ۔ تنویر سے قبل تھیٹر کے اداکار فیصل جان بھی کئی ماہ سے کینسر کے مرض میں مبتلاہیں ، ان کے علاج کیلئے سلیم آفریدی ، شکیل صدیقی ، عمر شریف و دیگر فنکاروں نے بھی کوششیں کیں ۔ کاشف خان نے تنویر خان کے علاج کیلئے وزیر

اعلیٰ سندھ مراد علی شا ہ سے اپیل کی کہ وہ فنکاروں کی مالی مدد کیلئے مستقل بنیادوں پر ویلفیئر فنڈ ٹریٹمنٹ کا اجرا کریں تاکہ اس طرح کی صورتحال میں نہ صرف فنکاروں کی مدد ہوسکے بلکہ بعد از مرگ اس کے اہلخانہ کیلئے ماہانہ وظیفہ بھی مقرر کیا جاسکے ۔ کاشف خان نے تمام سا تھی فنکاروں سمیت اہل وطن سے اپیل کی کہ وہ تنویر خان کی صحت کیلئے دعا کریں ۔ علاوہ ازیں سندھ فنکار ویلفیئر ٹرسٹ کے چیئرمین حمید بھٹو و دیگر فنکاروں نے ہسپتال جا کر ان کی عیادت کی ۔