سمیرا ملک اہل۔۔۔راشدہ یعقوب اور احمد لدھیانوی نااہل،لدھیانوی کا شدید ردعمل

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع نومبر 12, 2016 | 07:49 صبح

 

لاہور(مانیٹرنگ) ہائیکورٹ نے راشدہ یعقوب اور احمد لدھیانوی کو نااہل اور سمیرا ملک کو انتخابات کیلئے اہل قرار دیدیا۔ پی پی 78جھنگ سے ضمنی انتخابات میں حصہ لینے والے دو امیدواروں راشدہ یعقوب اور احمد لدھیانوی کیخلاف لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ حلقے کے ووٹروں ایم اسحاق اور اظہر عباس کے وکلاءنے عدالت کو آگاہ کیا کہ راشدہ یعقوب پر غیر قانونی طور پرقرضے معاف کرانے اور احمد لدھیانوی پر کالعدم تنظیموں سے تعلقات اور اثاثے چھپانے کے الزامات ہیں۔ دونوں امیدوار آئین کے آرٹیکل باسٹھ اور تریسٹھ کے معیار پر پورا نہیں اترتے عدالت نے دونوں امیدواروں کوانتخابات کے لئے نااہل قرار دے دیا

جبکہ لاہور ہائیکورٹ نے سمیرا ملک کی نااہلی کیلئے دائر اپیل کی سماعت کی جس میں سمیرا ملک خوشاب ضلع کونسل میں مخصوص نشست پر کاغذات نامزدگی کو چیلنج کیا گیا تھا. اپیل کنندہ ایوب خان نے اعتراض اٹھایا کہ سپریم کورٹ نے جعلی ڈگری کی بنیاد پر سمیرا ملک کو نااہل قرار دیا تھا۔ سمیرا ملک کے وکیل مبین قاضی نے اپیل کے قابل سماعت ہونے کے بارے میں اعتراضات اٹھائے اور بتایا کہ سپریم کورٹ کے فیصلہ کا اطلاق نہیں ہوتا عدالت نے دائر اپیل پر ابتدائی سماعت کے بعد اسے ناقابل سماعت قرار دیکر مسترد کر

دیا۔۔اہلسنت والجماعت کے سربراہ و حلقہ پی پی 78سے امیدوار علامہ محمد احمد لدھیانوی نے کہاکہ ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ جائیں گے۔ دس سالوں سے الیکشن میں حصہ لیتے آرہے ہیں،2013کے جنرل الیکشن میں میری پٹیشن پر ایم این اے کو نااہل قراردلوایا اس کے بعد ایم پی اے راشدہ یعقوب نااہل قراردی گئیں، جھنگ میں بلدیاتی انتخابات میں اکثریت حاصل کی ہے، ایسے میں ہائی کورٹ کا فیصلہ سمجھ سے بالاتر ہے۔ انہوں نے کہاکہ فورتھ شیڈول قانون سے بنیادی انسانی حقوق کو سلب کیا جارہاہے،میرے اوپر ملک کی کسی عدالت میں کوئی مقدمہ نہیں اور نہ ہی میں کسی عدالت کو مطلوب ہوں، اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے سیاسی میدان خالی کروایا جا رہے۔