پاکستان ۔اسپین اور امریکا سمیت مختلف ممالک میں سپر مون کا نظارہ
کوئٹہ(مانیٹرنگ ڈیسک) : پاکستان میں 70 برس بعد سپر مون کا نظارہ ہوا جس میں چاند معمول سے 14 فیصد زیادہ بڑا روشن دکھائی دیا،سپر مون کے موقع پر بلوچستان کے ساحلی علاقوں کے لیے خطرے کا الرٹ جاری کیا گیا۔ستر سال بعد دنیا کے کئی ممالک میں سپر مون کا نظارہ کیا گیا جس میں پاکستان بھی شامل ہے، سپرمون کے دوران چاند زمین کے انتہائی قریب آجاتا ہے اور فاصلہ انتہائی کم ہوجاتا ہے۔ اس سال نظر آنے والا سپر مون عام چاند سے 14 فیصد بڑا اور 30 فیصدزیادہ روشن تھا یعنی ایسا نظارہ گزشتہ 70 برس میں دیکھنے میں نہیں آیا۔امریکی خلائی تحقیقاتی ادارے ناسا کا کہنا ہے کہ 14 نومبر کو ہونے والا یہ سپرمون نہ صرف 2016 کا سب سے بڑا چاند ہے بلکہ 21 ویں صدی میں ہونے والا اب تک کا سب سے بڑا سپر مون ہے۔غیر معمولی طور پر اتنے خوبصورت چاند کا نظارہ دوبارہ دیکھنے کے لیے 25 نومبر 2034ء تک انتظار کرنا ہوگا۔بین الاقوامی وقت کے مطابق سپر مون دوپہر 1 بج کر 52 منٹ پر ہوگا یعنی پاکستانی وقت کے مطابق 6 بج کر 52 منٹ پر ہوا۔دوسری جانب وفاقی وزارت سائنس وٹیکنالوجی نے سپرمون الرٹ جاری کیا ہے جس میں بلوچستان کے ساحلی علاقوں قلات، مکران، گوادر، لسبیلہ اور دیگر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنر کے لیے الرٹ جاری کیا گیا ہے۔الرٹ کے مطابق سپرمون سے زمین کی کشش ثقل پر اثر پڑے گا، سپرمون کے باعث سمندر کی لہروں میں غیر معمولی اتار چڑھاؤ پیدا ہوگا، لہروں میں اتار چڑھاؤ کی صورتحال 48 سے 72گھنٹے تک جاری رہ سکتی ہے، جس کے باعث ساحلی علاقوں پر رہنے والے عوام کے لیے محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔اس ضمن میں میٹرولوجسٹ محمد ریاض نے خبردار کیا ہے کہ سپرمون دیکھنے کے لیے ساحل سمندر پر آنے والے لوگ محتاط رہیں۔